عدلیہ کے مسائل پر چیف جسٹس کے موقف کی تائید : ہیگڈے

حیدرآباد 25 اگسٹ (پی ٹی آئی) سپریم کورٹ کے سابق جج این سنتوش ہیگڈے نے عدلیہ میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے مسئلہ پر چیف جسٹس ٹی ایس ٹھاکر اور وزیراعظم نریندر مودی کی دوبدو ملاقات کی حمایت کی۔ اُنھوں نے کہاکہ چیف جسٹس آف انڈیا اِس وقت عدلیہ میں ججس کی قلت پر جس کرب سے گزر رہے ہیں اِس کا اُنھیں اندازہ ہے۔ تاہم اپنی ناراضگی کا یوم آزادی کے موقع پر اظہار کے بجائے زیادہ مناسب یہ ہوگا کہ وہ وزیراعظم سے راست گفتگو کریں اور ججس کے تقررات کے بارے میں کوئی فیصلہ کیا جائے۔ این سنتوش ہیگڈے سابق سالیسٹر جنرل اور سابق کرناٹک لوک آیوکت دراصل چیف جسٹس کی ناراضگی کا حوالہ دے رہے تھے۔ اُنھوں نے نریندر مودی کی یوم آزادی تقریر میں ججس کے تقررات کا تذکرہ نہ کرنے پر یہ ناراضگی ظاہر کی تھی۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ چیف جسٹس کی اِن اہم اور سنگین مسائل پر بھرپور تائید کرتے ہیں کیوں کہ اِس کی وجہ سے سارا ملک متاثر ہورہا ہے۔ جسٹس ٹھاکر نے کہاکہ اِن دنوں عدالتوں میں کام کا بوجھ کئی گنا بڑھ گیا ہے اور اِس کی وجہ سے جلد انصاف رسانی مشکل ہوگئی ہے۔