حیدرآباد۔ 11 ستمبر (سیاست نیوز) عثمانیہ یونیورسٹی کیمپس میں جاری احتجاج ، تصادم کی صورتِ حال اختیار کرگیا جہاں مخالف اور موافق حکومت طلباء یونینوں کے درمیان تصادم میں ایک طالب علم شدید زخمی ہوگیا، برہم احتجاجی طلبہ نے کیمپس میں ہاسٹل کے کمرے کو بھی آگ لگادی۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت کی خلاف احتجاج جاری ہے۔ احتجاجی طلباء جس کا بی جے پی طلباء تنظیم سے تعلق ہے، ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے اعلان کردہ فیصلے کی مخالفت کررہی ہے جس میں عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ احتجاج کررہی اس طلباء تنظیم نے دو روز سے جاری اپنے احتجاج میں دیگر طلباء اور طلباء تنظیموں کو شامل ہونے کیلئے دباؤ ڈال رہی ہے تاہم دیگر طلباء تنظیموں نے اس احتجاج میں شریک ہونے سے انکار کردیا تھا جس پر برہم مذکورہ طلباء تنظیم نے دوسرے طلباء تنظیم پر حملہ کردیا۔ حملہ اور جوابی حملے میں ایک طالب علم زخمی ہوگیا اور ایک کمرے کو بھی آگ لگادی گئی۔ اس واقعہ کے بعد پولیس نے کیمپس پہنچ کر حالات کو قابو میں کرلیا اور احتیاطی طور پر کیمپس میں ہاسٹل کے قریب سکیورٹی میں اضافہ کردیا ہے اور پولیس کی بھاری جمیعت کو کیمپس میں متعین کردیا ہے۔