عثمانیہ یونیورسٹی میں احتجاج جاری

حیدرآباد۔/20مئی، ( سیاست نیوز) عثمانیہ یونیورسٹی کیمپس کی اراضی پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے غریبوں کو مکانات کی تعمیر کی تجویز کے خلاف آج مسلسل تیسرے دن بھی طلباء نے احتجاج کیا۔ احتجاجی طلبہ نے آرٹس کالج تا لا کالج کیمپس میں ریالی نکالی جس سے کیمپس کی سڑکوں پر ٹریفک میں خلل واقع ہوا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سوچھ حیدرآباد پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے کہا تھا کہ چند سیاسی جماعتیں بہترین اسکیم کے خلاف طلباء کو اُکسارہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ غریبوں کی بھلائی کیلئے شروع کی جانے والی اسکیمات کی عمل آوری میں کوئی بھی رکاوٹ نہیں بن سکتا۔

تیستا ستیلواد کا آج میموریل لکچر
حیدرآباد۔/20مئی، ( سیاست نیوز) منیجنگ کمیٹی سندریا وگنانہ کیندرم کے زیر اہتمام 21مئی کو شام 6بجے سندریا وگنانہ کیندرم میں ممتاز جہد کار پدم شری تیستا ستیلواد’’ انسانی حقوق و ملک میں سماجی و سیاسی صورتحال ‘‘ کے موضوع پر بی سندریا میموریل لکچر دیں گی۔ مسٹر ایس ونئے کمار سینئر جرنلسٹ و سکریٹری منیجنگ کمیٹی سندریا وگیان کیندرم باغ لنگم پلی حیدرآباد نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ صدر نشین سندریا وگنانہ کیندرم ٹرسٹ و پولیٹ بیورو رکن سی پی آئی ایم مسٹر بی وی راگھولو میموریل لکچر کی صدارت کریں گے۔