حیدرآباد 25 نومبر (آئی این این) حکومت تلنگانہ نے آج عثمانیہ یونیورسٹی طلبہ کے خلاف علیحدہ ریاست تلنگانہ احتجاج کے سلسلہ میں درج فوجداری مقدمہ سے دستبرداری کے احکامات جاری کئے۔ یہ مقدمہ عثمانیہ یونیورسٹی پولیس اسٹیشن میں کرائم نمبر 348/2010 کے تحت درج کیا گیا تھا۔ چوتھے ایڈیشنل چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ نامپلی کی عدالت میں اِس مقدمہ کی سماعت جاری تھی۔ حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر ایم مہندر ریڈی کی پیش کردہ رپورٹ کی بنیاد پر تلنگانہ کے ڈی جی پی انوراگ شرما نے 13 ستمبر کو ریاستی حکومت کو ایک مکتوب تحریر کیا جس میں ملزمین کے خلاف قانونی چارہ جوئی سے دستبرداری کی سفارش کی گئی تھی۔ اِس کے بعد ریاستی حکومت نے منگل کو احکامات جاری کرتے ہوئے مقدمہ سے دستبرداری اختیار کرلی اور حیدرآباد کلکٹر و ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو ہدایت دی کہ اِس ضمن میں متعلقہ پراسکیوٹنگ آفیسر کو مطلع کریں۔ اِس مقدمہ میں 25 ملزمین کے منجملہ تقریباً 15 طلبہ کی نشاندہی کی گئی تھی۔