چھت خستہ، عمارت شکستہ، مریضوں کو خطرہ : وزیر صحت
حیدرآباد 6 اکٹوبر (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے تاریخی اہمیت کے حامل دواخانہ عثمانیہ کی عمارت جوکہ انتہائی خستہ حالت میں ہے، اسے منہدم کرنے یا اس کی تزئین نو و مؤثر نگہداشت کے لئے تمام ارکان اسمبلی شہر حیدرآباد کی رائے و مشورے حاصل کرنے سے حکومت نے اتفاق کیا۔ آج یہاں تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں اس مسئلہ پر ارکان اسمبلی کی جانب سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی نے یہ تیقن دیا۔ اور بتایا کہ دواخانہ عثمانیہ کی عمارت انتہائی خستہ ہوچکی ہے اور مریضوں کو اس عمارت سے خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔ انھوں نے کہاکہ اگر اس عمارت کی مؤثر نگہداشت اور تعمیر و مرمت کرنے کی صورت میں یہ عمارت صرف آؤٹ پیشنٹ شعبہ کیلئے ہی قابل استعمال ہوسکے گی۔ وزیر صحت نے کہاکہ عثمانیہ دواخانہ کے احاطہ میں خالی جگہ پر نئی عمارتوں کی تعمیر عمل میں لانے کی تجویز حکومت کے زیرغور ہے۔ مسٹر لکشما ریڈی نے مزید کہاکہ عثمانیہ دواخانہ میں عوام کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے اب تک 100 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں جن کے منجملہ 70 کروڑ روپئے عصری طبی آلات کی خریدی اور مابقی 30 کروڑ روپئے عمارتوں کی تعمیر کے لئے خرچ کئے جائیں گے۔