موجودہ اسٹاف پر کام کا بوجھ ، مریضوں کی مناسب دیکھ بھال نہیں ہورہی ہے
حیدرآباد۔ 26 مارچ (سیاست نیوز) تقررات کا عمل جاری ہے لیکن عثمانیہ ہاسپٹل میں نرسوں کی کمی برقرار ہے۔ حیدرآباد کے اس سرکاری دواخانہ میں ہزارہا مریض علاج کیلئے رجوع ہوتے ہیں۔ اس لحاظ سے دواخانہ کا موجودہ نرسنگ اسٹاف ناکافی ہے۔ کم از کم 450 نرسوں کا اضافہ ہونا چاہئے۔ گزشتہ سال نومبر میں اس ہاسپٹل کی نرسوں نے مزید 700 نرسوں کا تقرر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا تھا۔ گزشتہ چند دنوں کے دوران جزوقتی طور پر مریضوں کی دیکھ بھال کرنے والے 217 افراد عملہ کا تقرر کنٹراکٹ کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ نرسوں نے کہا کہ اس اقدام سے کام کا بوجھ کسی قدر کم ہوا ہے، لیکن زیادہ تعداد میں نرسوں کا تقرر کیا جانا چاہئے اور یہ تقرر باقاعدہ اساس پر ہونا چاہئے۔ نومبر سے مزید 9 نرسیس ریٹائرڈ ہوچکی ہیں۔ آنے والے مہینوں میں مزید چند نرسوں کی میعاد ملازمت ختم ہونے والی ہے۔ نرسوں نے کہا کہ ان پر کام کا بوجھ ہے اور نرسنگ اسٹاف ہونے کی وجہ سے مریضوں کی مناسب دیکھ بھال نہیں ہو پارہی ہے۔