عبدالناصر مدنی کو خانگی ائرلائینس میں پرواز سے روکدیا گیا

سکیوریٹی بنیادوں پر اقدام ۔ انڈیگو کی وضاحت ۔ حامیوں کا کوچی میں احتجاجی مظاہرہ
بنگلورو 4 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے لیڈر عبدالناصر مدنی کو آج یہاں ائرپورٹ پر ایک خانگی ائرلائینس کی پرواز میں سوار ہونے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ سکیوریٹی وجوہات کی بنا پر انہیں طیارہ میں سوار ہونے سے روکا گیا ۔ انڈیگو ائرلائینس نے کہا کہ انہیں سکیوریٹی بنیادوں پر پرواز کرنے سے روک دیا گیا ۔ انڈیگو نے ایک بیان میں کہا کہ مسٹر عبدالناصر مدنی بنگلورو سے کوچی تک کی پرواز میں سفر کرنے والے تھے تاہم انہیں سکیوریٹی وجوہات کی بنیاد پر پرواز میں سفر کرنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ کہا گیا ہے کہ اس مسافر کو مقامی پولیس حکام اپنے ساتھ لے گئے ہیں اور اس کیلئے سکیوریٹی ریگولیٹر سے اجازت کی ضرورت تھی ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پروٹوکول کے مطابق عملہ نے مسافر سے درکار دستاویزات پیش کرنے کی خواہش کی تھی جس میں ناکامی پر مسافر سے کہا گیا کہ وہ پرواز کیلئے درکار اجازت حاصل کریں۔ ائرلائین کا کہنا ہے کہ ایک خصوصی این آئی اے عدالت نے عبدالناصر مدنی کے سفر کیلئے 4 تا 12 جولائی کا وقت مقرر کیا تھا ۔عدالت نے سٹی پولیس کو ہدایت دی کہ وہ درکار سکیوریٹی انتظامات کریں۔ اس دوران عبدالناصر مدنی کے حامیوں نے یہاں کوچی میں ائرپورٹ کے قریب احتجاجی مظاہرہ کیا کیونکہ وہ خانگی ائر لائینس سے بنگلورو سے یہاں نہیں پہونچ پائے تھے ۔ عبدالناصر مدنی بنگلورو بم دھماکہ کیس میں ملزم ہیں۔ پولیس کے بموجب کوچی ائرپورٹ کے باہر مدنی کے تقریبا 500 حامیوںنے جمع ہوکر انہیں سفر کی اجازت نہ دئے جانے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔