عاپ حکومت کے نئے پرنسپال سکریٹری کا تقررمسترد

حکومت نے مجمدارکا کمرہ مقفل کردیا ‘ لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ اور عاپ حکومت میں صف آرائی
نئی دہلی۔18مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) عاپ حکومت نے آج چیف منسٹر کے سکریٹری راجندر کمار کو پرنسپال سکریٹری برائے محکمہ خدمات مقرر کردیا ‘ جسے لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ نے فوری مسترد کردیا ۔ کجریوال حکومت نے چند گھنٹے قبل پرنسپال سکریٹری(خدمات) انندومجمدار کے کمرہ کو مقفل کردیا تھا ۔ جنہوں نے شکنتلا گیمنلن کو کارگذار چیف سکریٹری مقرر کرتے ہوئے حکم جاری کیا تھا ۔ اس تقرر پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے نجیب جنگ نے چیف منسٹر اروند کجریوال کو فوری ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے کمار کے تقرر کو کالعدم قرار دیا اور کہا کہ اسے اُن کی منظوری حاصل نہیں ہے ۔ آج صبح مجمدار اُن کے دفتر پہنچی تھیں انہوں نے اسے مقفل دیکھا جو چیف منسٹر کے حکم پر کیا گیا تھا ۔اس طرح عاپ حکومت اور لیفٹننٹ گورنر دہلی نجیب جنگ کے درمیان صف آرائی کا ایک بار پھر مظاہرہ ہوا ۔ کارگذار چیف سکریٹری دہلی شکنتلا گیمنلن جن کے تقرر کی وجہ سے کجریوال حکومت اور لیفٹننٹ گورنر کے درمیان تنازعہ پیدا ہوگیا ہے ۔ آج مرکزی معتمد داخلہ ایل سی گوئل سے ملاقات کی ۔20منٹ طویل ملاقات کے دوران دہلی کے پولیس کمشنر بی ایس بسّی اور جوائنٹ سکریٹری ( مرکزی زیر انتظام علاقہ) وزارت داخلہ میں موجود تھے ۔ ذرائع کے بموجب ملاقات معمول کے انتظامی معاملات پر تبادلہ خیال کیلئے کی گئی تھی۔ بار بار دریافت کرنے پر بھی گیملن نے ملاقات کے بارے میں اور ان کے تقرر پر کھڑے ہونے والے تنازعہ کے بارے میں گہری خاموشی اختیار کی ۔ کجریوال نے کل گیملن پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ دو ریلائنس انفرا کی ملکیت کمپنیوں کی 11ہزار کروڑ روپئے قرض کے ذریعہ مدد کررہی ہیں۔ کجریوال نے مودی حکومت پر بھی الزام لگایا۔