حیدرآباد ۔ 13 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے جنرل سکریٹری و انچارج آندھرا پردیش کانگریس امور مسٹر ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ 2014 کے عام انتخابات سے قبل علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ ضرورت پڑنے پر پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بھی طلب کیا جائے گا ۔ دہلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد کانگریس پارٹی سربراہ ٹی آر ایس مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ٹی آر ایس کو کانگریس میں ضم کرنے کے تعلق سے بات چیت کرے گی ۔ کانگریس پارٹی علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے کے معاملے میں عہد کی پابند ہے ۔ اس معاملے میں پارٹی کا فیصلہ اٹل ہے ۔
اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی ۔ جہاں تک تلنگانہ کے لیے علحدہ اسکریننگ کمیٹی تشکیل دینے کا سوال ہے کانگریس ہائی کمان اس پر فیصلہ کرے گی ۔ تلنگانہ مسودہ بل پر اسمبلی میں مباحث کے لیے مہلت میں توسیع دینے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے مسٹر ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ اس کا فیصلہ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کریںگے ۔ انہوں نے آندھرا پردیش کے تینوں علاقوں کی نمائندگی کرنے والے کانگریس کے قائدین پر زور دیا کہ وہ اسمبلی میں مسودہ تلنگانہ بل کے مباحث میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے اپنے علاقوں کے مسائل پر مکمل روشنی ڈالیں ۔
مباحث ان کے لیے بہترین پلیٹ فارم ہیں اس موقع کر ضائع نہ کریں ۔ اسمبلی میں خوشگوار ماحول میں مباحث کریں ارکان صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں کسی کے جذبات کو ٹھیس پہونچانے کی کوشش نہ کریں ۔ انہوں نے تلگو دیشم اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی جانب سے کانگریس پارٹی پر کی جانے والی تنقیدوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کی سبھی جماعتوں نے پہلے تلنگانہ کی تائید کی ہے سب سے آخر میں کانگریس نے تائید کی تاہم دوسری جماعتیں اپنا موقف تبدیل کرلی ہیں ۔ مگر کانگریس پارٹی اپنے موقف سے ہرگز دستبردار نہیں ہوگی ۔۔