عام آدمی پارٹی کی رکن الکالامبا کو پارٹی سے برطرف کردیاگیا ۔

عام آدمی پارٹی نے الکا لامبا سے استعفی لے لیا ہے۔ الکا لامبا کی پارٹی کے ساتھ ابتدائی رکنیت بھی منسوخ کردی گئی ہے۔ دراصل، دہلی اسمبلی میں راجیو گاندھی سے بھارت رتن واپس لینے کی تجویز پر تنازعہ ہوا تھا جس کے مدنظر الکا لامبا کی چھٹی کر دی گئی ہے۔ الکا لامبا نے اس تجویز کے پاس ہونے کو لے کر سوشل میڈیا پر تصاویر بھی شئیر کی تھیں۔

عام آدمی پارٹی نے ایم ایل اے الکا لامبا سے استعفی لے لیا ہے۔ ان کی ابتدائی رکنیت بھی منسوخ کردی گئی ہے۔ وہیں، ایم ایل اے عہدہ سے بھی الکا کا استعفیٰ لے لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، سومناتھ بھارتی کو ترجمان کے عہدہ سے ہٹا دیا گیا ہے۔ وہیں،  ایم ایل اے جرنیل سنگھ پر بھی پارٹی کے ذریعے کارروائی کی تیاری ہے۔ ذرائع کے مطابق، راجیو گاندھی کا بھارت رتن واپس لینے کی تجویز سے تینوں لیڈران جڑے ہوئے تھے۔ اس کی وجہ سے ہی ان تینوں پر کارروائی کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ دہلی اسمبلی میں جمعہ کو راجیو گاندھی کا بھارت رتن واپس لینے سے منسلک ایک تجویز منظور ہوئی ہے۔ اس تجویز کے خلاف احتجاج میں الکا لامبا نے ایوان سے واک آوٹ کر دیا تھا۔ واک آوٹ کے بعد انہوں نے کہا تھا کہ اس کا جو بھی نتیجہ ہو گا وہ اسے بھگتنے کے لئے تیار ہیں۔ حالانکہ، بعد میں عام آدمی پارٹی نے اس تجویز پر یوٹرن لے لیا۔

چاندنی چوک سے عام آدمی پارٹی کی رکن اسمبلی نے کہا، "میرے واک آؤٹ کے بعد وزیر اعلی نے مجھے میسیج کیا کہ میں اپنا استعفی دے دوں۔” ایم ایل اے عہدہ چھوڑنے کے سوال پر انہوں نے کہا، "میں نے پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن جیتا ہے، پارٹی چاہتی ہے تو میں استعفی دینے کو تیار ہوں‘‘۔

لامبا نے آگے کہا، "راجیو گاندھی نے ملک کے لئے بہت قربانیاں دی ہیں اور اسمبلی میں میں نے ان کا بھارت رتن واپس لینے کی تجویز کی حمایت نہیں کی۔ پارٹی نے مجھ سے استعفی مانگا ہے کیونکہ میں پارٹی کے فیصلے کے خلاف کھڑی ہوئی‘‘۔