عام آدمی پارٹی کیلئے آزمائش نہیں صرف امتحان کی گھڑی

امیدواروں کی کامیابی کا فیصلہ عوام کے فیصلہ پر منحصر، شاذیہ علمی کی پریس کانفرنس

حیدرآباد۔ 29؍اپریل (سیاست نیوز)۔ 2014ء عام انتخابات عام آدمی پارٹی کے لئے آزمائش نہیں ہیں بلکہ ہندوستانی عوام کے لئے امتحان کی گھڑی ہیں۔ ہندوستانی عوام کو اس بات کا فیصلہ کرنا ہے کہ وہ کامیاب ہونا چاہتے ہیں یا نہیں۔ اگر وہ کامیاب ہونا چاہتے ہیں تو وہ ضرور عام آدمی کی کامیابی کو یقینی بنائیں گے۔ محترمہ شاذیہ علمی نے آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ عام آدمی پارٹی کی پارلیمانی حلقہ سکندرآباد کی امیدوارہ محترمہ چھایا رتن کے علاوہ دیگر حلقہ جات اسمبلی کے امیدوار موجود تھے۔ محترمہ شاذیہ علمی نے بتایا کہ ہندوستان میں پہلی مرتبہ ایسے حالات پیدا ہوئے ہیں جس کے سبب قومی و بین الاقوامی سطح پر ہندوستانی سیاست مرکز توجہ بنی ہوئی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ عام آدمی پارٹی تشہیر پر توجہ نہیں دیتی بلکہ ہر رائے دہندہ تک رسائی کے ذریعہ ان میں شعور اُجاگر کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انھوں نے آندھرا پردیش میں عام آدمی پارٹی کے وجود کے متعلق کئے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ انھیں توقع ہے کہ آندھرا پردیش میں صورتِ حال کو تبدیل کرنے کے لئے لوگ عام آدمی پارٹی سے تعاون کریں گے۔ انھوں نے بتایا کہ دولت، طاقت اور تشہیر کے بغیر عام آدمی پارٹی سیاست میں نئی تبدیلی لانے کی کامیاب کوشش کررہی ہے۔ جس طرح عوام نے ان سب چیزوں کے بغیر دہلی میں عام آدمی پارٹی کو موقع فراہم کیا، اسی طرح ملک بھر میں عام آدمی پارٹی قومی سطح کا متبادل بن کر اُبھرے گی جسے بھرپور عوامی تائید حاصل رہے گی۔ انھوں نے بتایا کہ صاف و شفاف سیاست کے فروغ کے لئے عام آدمی پارٹی نے جو اقدامات کئے ہیں، اس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ عام آدمی پارٹی مستقبل میں سیاست کے رجحانات میں اہم تبدیلی لائے گی۔ محترمہ شاذیہ علمی نے بتایا کہ آندھرا پردیش میں جو صورتِ حال دیکھی جارہی ہے، اس سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ آندھرا پردیش میں بھی عام آدمی پارٹی کا مظاہرہ بہتر رہے گا، کیونکہ عوام ایک بہتر متبادل کا بے چینی سے انتظار کررہے تھے۔ انھوں نے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ ’جھاڑو‘ کے نشان پر ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں، کیونکہ عام آدمی پارٹی امیدواروں کی کامیابی خود عوام کی کامیابی ہوگی جس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ عام آدمی پارٹی نے خود مختاری کے ساتھ ساتھ عوام کے ہاتھوں اختیارات تفویض کرنے کا جو منصوبہ تیار کیا ہے، اس سے عوام بااختیار ہوجائیں گے۔ محترمہ شاذیہ علمی نے بتایا کہ قومی سطح پر عام آدمی پارٹی کے جن لوک پال بِل کے علاوہ سوراج بِل کو بھرپور عوامی حمایت حاصل ہورہی ہے۔