نئی دہلی۔ 4فروری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے پالم علاقہ سے عام آدمی پارٹی کی رکن اسمبلی بھاونا گوڑ کے بھائی شتج کے خلاف ایک خاتون کی عصمت دری کرنے کا معاملہ درج کرایا گیا ہے ۔یہ شکایت اسپائس جیٹ اے ئر لائنز طیارہ کی ایک ایر ہوسٹس نے گڑگاوں کے سیکٹر 51میں خواتین تھانہ میں درج کرائی ہے۔ بہار کی رہنے والی اس خاتون نے شتج پر الزام لگایا ہے کہ وہ شادی کا جھانسہ دیکر کئی مہینوں سے اس کی عصمت دری کررہا تھا۔ اس شکایت پر خاتون کا طبی معائنہ کرانے کے بعد پولیس نے تعزیرات ہند کی دفعہ 376 اور 508کے تحت شتج کے خلاف 31جنوری کو معاملہ درج کیا۔متاثرہ خاتون نے یہ بھی الزام لگایا کہ شتج کے بارے میں جب اس کے رشتہ داروں نے بھاونا گوڑ کو بتانے کی کوشش کی تو انہوں نے کچھ بھی سننے سے انکار کردیا۔ اس کے علاوہ شتج نے متاثرہ خاتون کو دھمکی دی کہ اگر اس بات کی شکایت پولیس میں کرے گی تو اس کے سنگین نتائج ہوں گے ۔