نئی دہلی ۔ 20 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی میں عام آدمی پارٹی حکومت کے لئے ’’اُلٹی گنتی‘‘ شروع ہوگئی ہے ، کانگریس نے آج یہ بات اروند کجریوال اور اُن کے رفقاء کے دہلی پولیس کے خلاف سڑکوں پر احتجاج شروع کردینے کے تناظر میں کہی اور تعجب کیا کہ اگر چیف منسٹر دھرنا پر بیٹھ جاتے ہیں تو حکومت کون چلائے گا ؟ پارٹی ترجمان م ۔افضل نے کہا کہ جس طرح کجریوال نے (آج ) یہ سب کچھ شروع کیا ہے ، اُلٹی گنتی کا آغاز ہوگیا ہے ۔ حکومت سکریٹریٹ سے چلائی جاتی ہے نہ کہ سڑکوں سے ۔
انھوں نے اے آئی سی سی بریفنگ میں اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ’’ انھیں اقتدار حاصل ہوجانے کے بعد سڑکوں پر بیٹھنے کی عادت ترک کردینی چاہئے ۔ آپ برسراقتدار رہتے ہوئے اپوزیشن کا رول ادا نہیں کرسکتے ‘‘۔ دہلی حکومت کی تائید میں کانگریس کے صبر کا پیمانہ لبریز ہونے کا اشارہ دیتے ہوئے افضل نے چیف منسٹر سے استفسار کیا کہ ’’آنے والے دس دنوں میں دہلی کا حشر کیا ہوگا جب وہ اس طرح دھرنا منظم کرتے رہیں گے ‘‘۔