کمار وشواس کیخلاف خاتون پارٹی کارکن کی عجیب و غریب شکایت ،وضاحت طلبی کیلئے ویمنس کمیشن کی نوٹس
نئی دہلی۔4 مئی ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی آج ایک اورتنازعہ کا شکار ہوئی جب اس کے لیڈر کمار وشواس پر پارٹی کی ایک والینٹر نے الزام عائد کیا کہ ان کے ساتھ نا جائز تعلقات کی جھوٹی افواہوں کی تردید یا رفع کرنے کی کوشش نہیں کی جس کی وجہ سے ان کا وقار متاثر ہوا ہے ۔ خاتون والینٹر کی شکایت پر دہلی کمیشن آف ویمنس نے کل وشواس اور ان کی اہلیہ کو طلب کرتے ہوئے سمن جاری کردیا ہے جبکہ اس خاتون نے یہ بھی دعوی کیا کہ انہوں نے چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال اور پولیس کمشنر کو علحدہ مکتوبات روانہ کرتے ہوئے جھوٹی افواہوں کے بارے میں واقف کروایا لیکن دونوں نے بھی کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا۔ بتایا جاتا ہیکہ اس خاتون نے گذشتہ سال لوک سبھا انتخابات میں امیٹھی سے کمار وشواس کے حق میں مہم چلائی تھی لیکن کمار نے دونوں کی قربتوں کے بارے میں افواہوں کو ختم کرنے کی کوشش نہیں کی ۔ کجریوال نے بھی ان کی شکایت پر خاموشی اختیار کرلی تاہم کمار جو کہ عام آدمی پارٹی سیاسی امور کمیٹی کے رکن ہیں کہا کہ یہ الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں اور یہ حریف جماعتوں کی جانب سے عاپ کے خلاف رسواء کن مہم کا حصہ ہیں۔ دہلی ویمنس کمیشن کی صدر نشین برکھا سنگھ نے بتایا چونکہ والینٹر از خود ہم سے رجوع ہوئی ہے لہذا کمار وشواس کو جواب دینے کیلئے پیش ہونا چاہئے کیونکہ شکایت پارٹی کی ایک والینٹر نے کی ہے اور اس کی شادی کا رشتہ ان کی (وشواس) کی وجہ سے ٹوٹ گیا ہے ۔ واضح رہے کہ دہلی میں عام آدمی پارٹی پہلے ہی سے داخلی خلفشار سے دوچار ہے جبکہ وزیر قانون کی تعلیمی قابلیت اور حالیہ ریالی میں کسان کی خودکشی پر تنازعہ جاری ہے ۔ دریں اثناء عاپ لیڈر سنجے سنگھ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کمار وشواس کے خلاف الزامات بالکلیہ بے بنیاد ہیں اور محض پارٹی کو نشانہ بنانے کیلئے رسواء کن مہم چلائی جارہی ہے انہوںنے کہا کہ کم از کم ہمارے خاندان کو اوچھی سیاست میں نہ گھسیٹا جائے ۔ دریں اثناء کمار وشواس نے کہا کہ عام آدمی پارٹی میں سرگرم ایک خاتون نے پولیس میں ایک شکایت درج کروائی ہے اور بعض افراد بشمول بی جے پی ترجمان سوشیل میڈیا پر اس کے خلاف افواہیں پھیلا رہے ہیں کہ وہ نا جائز تعلقات رکھتی ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ خاتون نے 15 دن قبل شکایت درج کروائی تھی لیکن پولیس نے اب تک کوئی کارروائی نہیں کی اور اس خاتون نے مجھے ای میل روانہ کرتے ہوئے پوچھا کہ کمار بھیا اب مجھے کیا کرنا چاہئے جس پر عاپ کی لیگل سیل نے اسے مشورہ دیا کہ اب ایف آئی آر درج کروائیں تاہم کانگریس اور بی جے پی نے خاتون کے الزامات کو انتہائی سنگین قرار دیا اور کجریوال سے اس مسئلہ پر وضاحت پیش کرنے کا مطالبہ کیا ۔اس دوران عام آدمی پارٹی خاتون والینٹر کی میڈیا سے بات چیت نے بھی ایک نیا رخ اختیار کرلیا ہے جس میں ایک شخص کو مسلسل اس خاتون کو اُکساتے ہوئے دکھایا گیا۔ اس شخص کی جگت اوانا کی حیثیت سے شناخت کی گئی جو پہلے کانگریس پارٹی سے وابستہ تھااور اب ایک جرنلسٹ ہے ۔ وہ عاپ والینٹر سے کہہ رہا تھا کہ میڈیا کو یہ بتائیں کہ اُس کا تعلق بی جے پی یا کسی پارٹی سے نہیں ہے اور وہ اُسے ہلاک کردیں گے ۔