حیدرآباد۔ 28 مارچ (سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے صدر راہول گاندھی نے اے آئی سی سی رکن عامر جاوید کو تلنگانہ ریسرچ ڈپارٹمنٹ کا صدرنشین مقرر کیا ہے۔ اس سلسلہ میں اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے احکامات جاری کیے۔ راہول گاندھی نے مختلف ریاستوں کے لیے ریسرچ ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں کے ناموں کو منظوری دی۔ جن میں جھارکھنڈ، منی پور، اروناچل پردیش، تلنگانہ، ناگالینڈ، دہلی اور ہریانہ کے صدور نشین کا تقرر کیا گیا۔ اس کے علاوہ اوڑیشہ، اروناچل پردیش، آندھراپردیش، پنجاب، منی پور، راجستھان اور ہریانہ کے سکریٹریز کے ناموں کو منظوری دی گئی۔ اسٹیٹ کوآرڈینیٹرس کی حیثیت سے آسام میں تین اوڑیشہ میں دو اور آندھراپردیش میں محمد فصیح الدین بیگ کو مقرر کیا گیا ہے۔ عامر جاوید اے آئی سی سی کے تلنگانہ ریسرچ سل سے وابستہ رہے اور انہوں نے این ایس یو آئی کے جنرل سکریٹری کی حیثیت سے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا۔ وہ اے آئی سی سی ریسرچ ڈپارٹمنٹ کے سکریٹری رہ چکے ہیں۔ عامر جاوید نے نیشنل سکریٹری این ایس یو آئی کی حیثیت سے 6 برس خدمات انجام دی اور انہیں 10 ریاستوں کا انچارج مقرر کیا تھا۔ عامر جاوید سلطان العلوم ایجوکیشنل سوسائٹی کے بورڈ آف ڈائرکٹرس میں شامل ہیں۔ وہ تلنگانہ پی سی سی انتخابی مہم کمیٹی کے رکن ہیں۔ ریسرچ ڈپارٹمنٹ کے صدور نشین میں وہ سب سے کم عمر قائد ہیں۔ اے آئی سی سی ریسرچ ڈپارٹمنٹ رکن راجیہ سبھا پروفیسر راجیو گوڑا کی نگرانی میں فرائض انجام دیتا ہے۔