حیدرآباد 5جون (یواین آئی )عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر شہر حیدرآباد کے نیکلس روڈ پر بیداری ریلی نکالی گئی ۔ رضاکارانہ تنظیم گرین ۔لیس سوسائٹی کی جانب سے اس ریلی کا اہتمام کیا گیا۔تلنگانہ حکومت کے صلاح کار ویویک نے آج صبح ا س ریلی کو جھنڈی دکھائی ۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ویویک نے کہاکہ ماحولیات کے تحفظ کے لئے ہر کسی کو مساعی کرنی چاہیے ۔ترقی کے نام پر ماحولیات کو خراب کرنے یا بگاڑنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے ۔انہوں نے سرسبز وشادابی میں اضافہ کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ ملک بھر میں ماحولیات سے متعلق بیداری پر تما م کو غور کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ صاف آب و ہوا سے کم بیماریاں ہوتی ہیں ،صحت بھی بہتر ہوتی ہے اور سماج میں بہتر ماحول بھی ہوتا ہے ۔تما م کو اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ماہر ماحولیات پرشوتم نے اس موقع پر کہا کہ اوزون کی پرت کو نقصان ہورہا ہے اور ہمیں گلوبل وارمنگ کے مسائل کا بھی سامنا ہے ایسے میں ہم تمام کو ماحولیات کے تحفظ کے لئے اقدامات کرنے چاہئے اور اس سلسلہ میں پہل کرنی چاہئے ۔ریلی میں اسکولی طلبہ کی کثیر تعداد نے حصہ لیا جنہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز تھام کر ماحولیات کے تحفظ کے سلسلہ میں بیداری پیداکی۔