بین الاقوامی یوم خواندگی سے صدر جمہوریہ ہند پرنب مکرجی کا خطاب، تقریر میں مہاتما گاندھی کے قول کا حوالہ
نئی دہلی ۔ 8 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر جمہوریہ ہند پرنب مکرجی نے آج ملک سے ناخواندگی کے مکمل خاتمہ کیلئے کوششوں میں اضافہ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایس سی ، ایس ٹی ، اقلیتوں اور سماج کے محروم طبقات میں خواندگی کی شرح بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے ۔ بین الاقوامی یوم خواندگی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ ہند نے کہا کہ ہمارا مقصد خواندگی کی شرح نہ صرف عالمی اوسط تک بلکہ دنیا کے صف اول کے معاشروں کی محصلہ شرح خواندگی تک پہنچانے کی کوشش ہونا چاہئے۔ انہوں نے مہاتما گاندھی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گاندھی جی نے کہا تھا کہ ناخواندگی ایک گناہ ہے اور شرم کی بات ہے، اس کا خاتمہ ہونا چاہئے۔ پرنب مکرجی نے کارپوریشن اور خانگی شعبوں، رضاکارانہ محکموں اور شہری معاشرہ کی تنظیموں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بالغوں کی خواندگی بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی مکمل خواندگی کی جانب پیشرفت کا انحصار بامعنی اور موثر وکالت اور سماج کی تائید پر ہوگا۔ تاکہ ناخواندہ افراد کی اکثریت کو خواندگی کے اصل دھارے میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج آزادی کے 67 سال بعد بھی ہم کہاں کھڑے ہیں۔ خواندگی کی شرح 1951 ء میں 18 فیصد تھی اور 2011 ء میں 74 فیصد ہوگئی۔ اس کے باوجود یہ عالمی اوسط 84 فیصد سے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک 12 ویں منصوبہ کے ختم تک 80 فیصد خواندگی کا نشانہ مقرر کرچکا ہے ۔ اس مدت کے دوران حکومت بھی صنفی خلیج کو 16 سے 10 فیصد کرنے کی کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بالغوں کی خواندگی کے مسئلہ کی یکسوئی ہونی چاہئے ۔ ایک طرف کیرالا ، ہماچل پردیش اور میزورم جیسے ریاستیں ہیں، جن کا مظاہرہ کافی اچھا ہے جبکہ دیگر ریاستیں بہت پیچھے ہیں۔ پرنب مکرجی نے کہا کہ مردوں اور خواتین کی شرح خواندگی علی الترتیب 80.89 اور 64.64 فیصد ہے۔ اس صنفی خلیج کو دور کرنا ضروری ہے۔