عالمی دہشت گردی سے ہلاکتوں میں 61 فیصد اضافہ

لندن، 18 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) عالمی سطح پر دہشت گرد حملوں میں سال 2013ء میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں61 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس سے بوکوحرام اور داعش کے بڑھتے اثر و رسوخ کا اندازہ کیا جاسکتا ہے۔ انسٹیٹیوٹ آف اکنامکس اینڈ پیس نے لندن میں 2014ء عالمی دہشت گردی اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے بتایا کہ 2013ء میں تقریباً 10 ہزار دہشت گرد حملے ہوئے۔ 2012ء کے مقابل یہ 44 فیصد زیادہ ہے۔ ان حملوں کے نتیجہ میں 17,958 ہلاکتیں ہوئیں جبکہ 2012ء میں 11,133 ہلاکتیں ہوئی تھیں۔ 80 فیصد ہلاکتیں صرف پانچ ممالک عراق ، افغانستان ، پاکستان ، نائجیریا اور شام میں ہوئیں۔ عراق دہشت گردی سے بدترین متاثر قرار پایا ہے۔ جملہ ہلاکتوں کے 66 فیصد کیلئے چار گروپس داعش ، بوکوحرام ، القاعدہ اور طالبان کو ذمہ دار قرار دیا گیا۔