حیدرآباد۔ 30 نومبر (سیاست نیوز) گلوبل انٹرپرینر سمٹ کے کامیاب انعقاد کے بعد حیدرآباد کو عالمی تلگو کانفرنس کی میزبانی کرنے کا ایک اور اعزاز حاصل ہورہا ہے جس کا 15 ڈسمبر سے انعقاد کیا جارہا ہے جس میں صدرجمہوریہ اور نائب صدرجمہوریہ کے علاوہ دوسی اہم شخصیتوں کو مدعو کیا جائے گا۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے آج پرگتی بھون میں ایک اجلاس طلب کرتے ہوئے عالمی تلگو کانفرنس کے انعقاد کی تیاریوں کا جائزہ لیا ہے۔ اس اجلاس میں ریاستی وزراء ہریش راؤ، ایٹالہ راجندر، ڈی جی پی مہیندر ریڈی، چیف سیکریٹری ایس پی سنگھ کے علاوہ دوسرے عہدیداروں نے شرکت کی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلگو کی ترقی کیلئے کام کرنے والی اہم شخصیتوں کی نگرانی میں عالمی تلگو کانفرنس کا انعقاد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند، نائب صدرجمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو، تلگو زبان استعمال کرنے والے چیف منسٹرس گورنرس کے علاوہ دوسری اہم شخصیتوں کو مدعو کرنے سے اتفاق کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ عالمی تلگو کانفرنس کا نائب صدرجمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو افتتاح کریں گے جس میں ماریشیس کے وائس پریسیڈنٹ پرم شیوم ، مہاراشٹرا کے گورنر ودیا ساگر راؤ، چیف منسٹر آندھرا پردیش، این چندرا بابو نائیڈو شرکت کریں گے۔ اختتامی تقریب سے صدرجمہوریہ ہند خطاب کریں گے۔ ایل بی اسٹیڈیم میں عالمی تلگو کانفرنس کا انعقاد کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جہاں پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کرنے کی پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے۔ پوسٹل ڈپارٹمنٹ کے اشتراک کرتے ہوئے خصوصی اسٹامپ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔