عالمی تعلیمی کانفرنس ماسکو میں شرکت کیلئے مرکز کی اجازت

نئی دہلی ۔28 اگسٹ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) ڈپٹی چیف منسٹر دہلی منیش سسوڈیہ نے آج کہا کہ مرکز نے بالآخر انھیں ماسکو کا دورہ کرنے کی اجازت دی ہے جہاں وہ مجوزہ عالمی تعلیمی کانفرنس میں شرکت کرتے ہوئے خطاب کریں گے ۔ سسوڈیہ نے صبح میں کہا تھا کہ مرکز نے انھیں اس کانفرنس سے خطاب کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا ۔ قومی دارالحکومت دہلی میں عام آدمی پارٹی حکومت کی جانب سے تعلیمی شعبہ میں اصلاحات لانے سے متعلق وہ ماسکو کانفرنس میں اظہار خیال کرنے والے تھے ۔ بالآخر مرکز نے ان کی درخواست کو دس دن تک زیرالتواء رکھنے کے بعد آج منظوری دیدی ہے اور وہ عالمی تعلیمی کانفرنس میں شرکت کیلئے روانہ ہوں گے ۔ یہ میرے لئے باعث فخر ہوگا کہ میں عالمی تعلیمی شخصیتوں کے سامنے ہندوستان کی علمی صلاحیتوں کو پیش کرسکوں ۔ قبل ازیں دہلی کے وزیرتعلیم نے ٹوئٹر پر لکھا تھا کہ مجھے عالمی تعلیمی کانفرنس میں دہلی کے تعلیمی اصلاحات سے متعلق اظہار خیال کیلئے مدعو کیا گیا ہے ۔