امریکہ ۔ 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں متعین سعودی سفیر شہزادہ خالد بن سلمان نے کہا ہے کہ مغرب اور تمام ممالک کو ایرانی حکومت کے تخریبی کردار سے نمٹنے کے لیے متحد ہونے اور ایک مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔انھوں نے یہ بات سعودی روزنامہ عرب نیوز میں شائع شدہ ایک مضمون میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی حالات 1938ء جیسے ہیں۔اس وقت یورپ ، ایشیا اور افریقہ میں توسیع پسندانہ عزائم کی حامل قوتوں نے بین الاقوامی امن کو تہ وبالا کیا تھا اور آج 80 سال کے بعد بالکل اسی طرح کا ایران کی صورت میں خطرہ درپیش ہے۔وہ اپنی سرحدوں سے باہر تنازعات کو ہوا دے رہا ہے اور انتہا پسند گروپوں کو مسلح کررہا ہے۔شہزادہ خالد نے اپنی تحریر میں صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کے ایران سے جوہری سمجھوتے سے علاحدگی کے فیصلے کی ستائش کی۔ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے اس موقف سے حوصلہ افزائی ہوئی ہیکہ امریکہ ایران سے کسی قسم کی مصالحانہ پالیسی کو بروئے نہیں لائے گا ۔