حیدرآباد ۔ 5 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے آج چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو حسینی علم میں عاشور خانہ کے انہدام کے واقعہ سے واقف کرایا ۔ اس واقعہ میں 50 سالہ سید معین اللہ حسینی اور ان کی اہلیہ قدیر النساء عالیہ فوت ہوگئے تھے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے پسماندگان کیلئے چیف منسٹرس ریلیف فنڈ سے ایکس گریشیا کی منظوری کی خواہش کی۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے فی کس 2 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کی منظوری سے اتفاق کیا اور اس سلسلہ میں عہدیداروں کو فوری کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے بتایا کہ زخمی بچوں کے بہتر علاج کیلئے ہاسپٹل کے حکام کو ہدایت دی گئی ہے اور ضرورت پڑنے پر کسی کارپوریٹ ہاسپٹل میں منتقل کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ماہ محرم کے پیش نظر عاشور خانہ کی تعمیر کیلئے وقف بورڈ حکام کو ہدایت دی گئی ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کل متوفی جوڑے کے پسماندگان سے ملاقات کی تھی اور تدفین کیلئے اپنے طور پر 50,000 روپئے حوالے کئے گئے۔