عازمین کے ایک خاندان کو ایرپورٹ پر پریشانی کا سامنا

سنٹرل حج کمیٹی کی غلطی ، فرزند کے ویزا پر والد کی تصویر
حیدرآباد ۔ 7۔ اگست (سیاست نیوز) سنٹرل حج کمیٹی کی غلطی کے سبب حیدرآباد کے ایک خاندان کو ایرپورٹ پر پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ حج کمیٹی کے ذریعہ روانہ ہونے والے ایک خاندان کو ایرپورٹ پر امیگریشن حکام نے روک دیا کیونکہ فرزند کے ویزا پر والد کی تصویر چسپاں کردی گئی تھی۔ سنٹرل حج کمیٹی نے ویزا انڈاسمنٹ کو کاغذات روانہ کرتے ہوئے والد اور فرزند دونوں کے فارم پر ایک ہی تصویر چسپاں کردی اور سعودی حکام نے ویزا جاری کردیا ۔ کل رات کی فلائیٹ سے جب ایک خاندان کے چار افراد روانگی کیلئے حج کمیٹی کے قافلہ میں ایرپورٹ پہنچے تو امیگریشن حکام نے اس غلطی کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں روک دیا۔ تلنگانہ حج کمیٹی کے عہدیداروں نے فوری سنٹرل حج کمیٹی سے ربط قائم کرتے ہوئے ویزا دستاویزات پر تصویر کو تبدیل کراتے ہوئے اس کی نقل واٹس ایپ پر حاصل کی جس کی کاپی امیگریشن حکام کو پیش کی گئی جس کے بعد انہیں جانے کی اجازت دی گئی۔ اگر حیدرآباد سے انہیں روانہ کردیا جاتا تب بھی جدہ ایرپورٹ پر انہیں روک لیا جاتا۔ بتایا جاتا ہے کہ پرگی ضلع وقار آباد سے تعلق رکھنے والے صابر حسین اپنے فرزند محمد واجد ، بہو اور کمسن بچہ کے ساتھ سفر حج کا ارادہ کیا۔ انہیں کور نمبر TSF-6235-3-1 الاٹ ہوا۔ تمام ضروری امور کی تکمیل کے بعد امیگریشن کاؤنٹر پر انہیں روک دیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں ویزا پر ایک ہی تصویر چسپاں کرنا سنٹرل حج کمیٹی کی غلطی ہے۔ کچھ دیر کیلئے ان عازمین کو پریشانی سے گزرنا پڑا ، بعد میں اس مسئلہ کی یکسوئی ہوگئی اور وہ قافلہ کے ساتھ کل رات مکہ مکرمہ پہنچ گئے۔