عازمین حج کے پاسپورٹس کی عاجلانہ اجرائی سے اتفاق

حیدرآباد۔ 28 ۔ جنوری (سیاست نیوز) ریجنل پاسپورٹ آفیسر شریمتی اشونی ستارو نے عازمین حج کے پاسپورٹس کی عاجلانہ اجرائی سے اتفاق کرلیا ہے۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے آج ریجنل پاسپورٹ آفیسر سے ملاقات کی اور پاسپورٹس کے سلسلہ میں عازمین حج کے مسائل سے واقف کرایا ۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ کے قواعد کے مطابق ہاتھ سے لکھے ہوئے پاسپورٹ قبول نہیں کئے جائیں گے۔ اس کے باعث کئی عازمین کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ ریجنل پاسپورٹ آفیسر نے تیقن دیا کہ ہینڈ ریٹن پاسپورٹس کو ڈیجیٹل پاسپورٹ میں تبدیل کرنے کیلئے بورڈ متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کریں گے اور ایسے معاملات کی جلد یکسوئی کردی جائے گی ۔

انہوں نے عازمین حج کے پاسپورٹس کی تجدید اور نئے پاسپورٹس کی اجرائی کے سلسلہ میں فوری اقدامات کرنے سے بھی اتفاق کیا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ کئی عازمین ایسے ہیں جنہیں ہاتھ سے لکھے ہوئے پاسپورٹ جاری کئے گئے تھے جو حج درخواستوں کیلئے قابل قبول نہیں ہے۔ ایسے عازمین جن کے پاس ڈیجیٹل پاسپورٹ نہیں ہے، وہ حج کمیٹی سے رجوع ہوں۔ حج کمیٹی ان کی تفصیلات ریجنل پاسپورٹ آفیسر کو روانہ کرے گی اور پاسپورٹ آفس کا عملہ متعلقہ افراد کو مقررہ تاریخ پر طلب کرتے ہوئے نیا پاسپورٹ جاری کردے گا۔ حج درخواست فارم کے ساتھ ضروری ہے کہ ایسے پاسپورٹ داخل کئے جائیں جن کی مدت 20 مارچ 2016 ء تک برقرار رہے۔

ریجنل پاسپورٹ آفیسر سے خواہش کی گئی کہ اس مدت سے قبل والے پاسپورٹس کی تجدید کریں تاکہ عازمین کو روانگی میں سہولت ہو۔ عازمین حج کی اس تکلیف کا اندازہ کرتے ہوئے ریجنل پاسپورٹ آفیسر نے تیقن دیا کہ پاسپورٹ کی مدت کے خاتمہ سے ایک سال قبل ہی وہ پاسپورٹ کی تجدید کیلئے تیار ہیں۔ عام طور پر ایک سال قبل کسی بھی پاسپورٹ کی تجدید نہیں کی جاتی لیکن اسپیشل کیس کے طور پر عازمین حج کے پاسپورٹس کی تجدید عمل میں لائی جائے گی ۔ انہوں نے ایسے پاسپورٹس کی بھی جلد اجرائی کا تیقن دیا جن کا پولیس ویریفیکیشن مکمل ہوچکا ہے۔ نئے پاسپورٹ کے لئے درخواست داخل کرنے والے عازمین حج اس سلسلہ میں حج کمیٹی سے رجوع ہوں تو ان کی تفصیلات پاسپورٹ آفس کو روانہ کی جائیں گی۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ ریجنل پاسپورٹ آفیسر نے عازمین حج کے پاسپورٹس کے مسائل کی یکسوئی کیلئے پاسپورٹ آفس میں علحدہ شعبہ قائم کرنے کا تیقن دیا تاکہ عازمین کے مسائل کی فوری یکسوئی ہوسکے۔ انہوں نے حج سیزن 2015 ء کے دوران حج کیمپ کا دورہ کرنے سے اتفاق کیا۔