حیدرآباد ۔ 16 ۔ جولائی (سیاست نیوز) حج کیمپ 2018 ء میں عازمین حج کو وداع کرنے کیلئے آنے والے رشتہ داروں اور احباب کے قیام کے سلسلہ میں حج ہاؤز سے قریب فنکشن ہال میں مفت رہائش کا انتظام کیا گیا ہے۔ صدرنشین حج کمیٹی مسیح اللہ خاں نے بتایا کہ اضلاع سے عازمین حج کو وداع کرنے کیلئے آنے والے افراد حج ہاؤز کے قریب واقع گرانڈ فنکشن ہال میں قیام کرسکتے ہیں۔ وہ اپنے ذاتی خرچ سے یہ انتظام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اکثر دیکھا گیا کہ لوگ باغ عام اور دیگر علاقوں میں قیام پر مجبور ہیں، انہوں نے کیمپ کی مدت کے دوران فنکشن ہال کرایہ پر حاصل کیا ہے جہاں تمام بنیادی سہولتیں دستیاب رہیں گی۔ عازمین حج کے رشتہ دار ، احباب اور ان کی گاڑیوں کے ڈرائیورس بھی قیام کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حج ہاؤز میں عازمین حج کیلئے وائی فائی کی سہولت مفت دستیاب رہے گی جس سے استفادہ کیا جاسکتا ہے ۔ واضح رہے کہ صدرنشین حج کمیٹی نے اضلاع سے آنے والے عازمین کیلئے سفری اخراجات دینے کا پیشکش کیا تھا ۔ تاہم بعد میں اس پیشکش سے دستبرداری اختیار کرلی گئی ۔ ٹیکہ اندازی کے موقع پر موجود عازمین نے تجویز پیش کی کہ قیام کے ساتھ طعام کا بھی انتظام کیا جائے تو بہتر رہے گا۔ اس سلسلہ میں صدرنشین حج کمیٹی سے باقاعدہ نمائندگی کی جائے گی ۔