اسپیشل آفیسر ریاستی حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کا نظام اوقاف کمیٹی اور ناظر رباط کو مکتوبات
حیدرآباد۔/13مارچ، ( سیاست نیوز) حج 2014ء میں آندھرا پردیش کے عازمین حج کو مکہ معظمہ کی حیدرآبادی رباط میں قیام کو یقینی بنانے کیلئے ریاستی حج کمیٹی نے مساعی کا آغاز کیا ہے۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے ایچ ای ایچ دی نظام اوقاف کمیٹی اور ناظر رباط کو علحدہ علحدہ مکتوب روانہ کرتے ہوئے خواہش کی ہے کہ حیدرآبادی رباط میں قیام سے متعلق تنازعہ کی جلد از جلد یکسوئی کرلی جائے تاکہ جاریہ سال آندھرا پردیش کے عازمین حج اس سہولت سے استفادہ کرسکیں۔ گذشتہ سال ناظر رباط اور اوقاف کمیٹی کے درمیان عازمین حج کے انتخاب کے مسئلہ پر تنازعہ کے سبب آندھرا پردیش کے عازمین رباط میں قیام سے محروم رہے تھے۔ واضح رہے کہ حیدرآبادی رباط میں تقریباً 300عازمین حج کے قیام کی گنجائش ہے اور وہاں قیام کی صورت میں فی عازم 38تا40ہزار روپئے کی بچت ہوتی ہے۔
عازمین حج کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب کیا جاتا ہے۔ گذشتہ سال ناظر رباط نے اپنے طور پر قرعہ اندازی کی جسے اوقاف کمیٹی نے قبول نہیں کیا۔ سنٹرل حج کمیٹی بھی چاہتی ہے کہ دونوں تنازعہ کی جلد یکسوئی کرلیں تاکہ آندھرا پردیش کے عازمین کو رباط میں قیام کا موقع حاصل ہوسکے۔ پروفیسر ایس اے شکور اس مسئلہ کی یکسوئی کے سلسلہ میں جدہ میں قونصل جنرل ہند سے ربط میں ہیں۔ انہوں نے اوقاف کمیٹی کے سکریٹری سے بھی ربط قائم کیا اور ناظر رباط سے مشاورت کے ذریعہ مسئلہ کا باہمی حل تلاش کرنے کی صلاح دی۔ اوقاف کمیٹی نے تیقن دیا ہے کہ جاریہ سال تنازعہ کی یکسوئی کی کوشش کی جائے گی۔اسی دوران ریاستی حج کمیٹی کو ابھی تک 12ہزار سے زاید درخواستیں وصول ہوئی ہیں جن میں 70سال سے زاید عمر کے محفوظ زمرے کے تحت 435اور تین مرتبہ قرعہ اندازی میں انتخاب سے محروم محفوظ زمرے کے تحت612درخواستیں وصول ہوئیں۔ سنٹرل حج کمیٹی کا 23مارچ کو ممبئی میں اجلاس منعقد ہوگا جس میں جاریہ سال حج انتظامات اور ریاستوں کیلئے حج کوٹہ کو قطعیت دیئے جانے کا امکان ہے۔