حیدرآباد ۔ 13 ۔ مئی (سیاست نیوز) قانون ساز کونسل کے قائد اپوزیشن محمد علی شبیر نے کہا کہ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی و رکن راجیہ سبھا ڈگ وجئے سنگھ کے ذریعہ وزیر خارجہ سشما سوراج سے نمائندگی کی گئی ہے کہ تلنگانہ اور آندھراپردیش کے عازمین حج کی روانگی کیلئے سعودی ایرلائینس کی پروازوں کا انتظام کیا جائے۔ محمد علی شبیر کے مطابق سشما سوراج نے کانگریسی قائد کو اس سلسلہ میں مثبت فیصلہ کرنے کا تیقن دیا ہے۔ محمد علی شبیر کی توجہ دہانی پر ڈگ وجئے سنگھ نے وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ سشما سوراج کو اس ضمن میں مکتوب روانہ کیا تھا ، جس میں سعودی ایرلائینس کی پروازوں کی بحالی کی خواہش کی گئی۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ عازمین حج کی جانب سے مسلسل نمائندگی کی جارہی ہے کہ ایر انڈیا کے بجائے سعودی ایر لائینس کی پروازوں کا انتظام کیا جائے تاکہ عازمین کی روانگی میں سہولت ہو۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد سے راست پروازوں کے آغاز سے سعودی ایرلائینس عازمین کی خدمت انجام دے رہی ہے لیکن اچانک ایر انڈیا کی پروازوں کے فیصلہ سے عازمین میں بے چینی پائی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جن ریاستوں سے ایر انڈیا کی پروازیں روانہ ہورہی ہیں، وہاں عازمین کو کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی گھنٹوں تک پروازوں کیلئے عازمین کو ایرپورٹ پر انتظار کرنے کی زحمت اٹھانی پڑی۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ حج کیمپ کے موثر انتظامات اور عازمین حج کو درپیش دیگر مسائل کے سلسلہ میں بہت جلد مرکز اور ریاستی حکومت سے نمائندگی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ بہت جلد جی ایم آر انٹرنیشنل کے عہدیداروں سے حج ٹرمینل کے انتظامات پر بات چیت کریں گے۔ ایرپورٹ کے باہر جی ایم آر کمپنی نے محمد علی شبیر کی نمائندگی پر جمعہ کے دن نماز کے موقع پر شامیانے کے انتظام کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ نماز جمعہ کے علاوہ حج ٹرمینل کے انتظامات کے بارے میں تفصیلی بات چیت کریں گے۔