حیدرآباد۔/3ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عازمین حج کیلئے ریاستی حج کمیٹی کے کیمپ کے آغاز کیلئے 8 دن باقی ہیں لیکن سنٹرل حج کمیٹی کی جانب سے ابھی تک عازمین حج کی روانگی سے متعلق انفرادی شیڈول کو قطعیت نہیں دی گئی جس کے باعث عازمین حج میں سخت بے چینی پائی جاتی ہے۔ حج ہاوز میں جاری ٹیکہ اندازی کیمپ کے دوران عازمین حج نے اس بارے میں اپنی بے چینی اور تشویش کا اظہار کیا۔ گزشتہ چند دنوں سے عازمین حج کو تیقن دیا جارہا ہے کہ اندرون دو یوم انفرادی شیڈول جاری کردیا جائے گا لیکن سنٹرل حج کمیٹی نے ابھی تک اس بارے میں ریاستی حج کمیٹی کو اطلاع نہیں دی۔ حیدرآباد سے روانہ ہونے والے عازمین حج میں اس اعتبار سے بھی زیادہ تشویش پائی جاتی ہے کیونکہ تلنگانہ اور آندھرا پردیش ریاستوں کے عازمین ایک ساتھ روانہ ہوں گے۔ حج کمیٹی نے دونوں ریاستوں کیلئے علحدہ علحدہ شیڈول کی تیاری کا تیقن دیا ہے لیکن یہ کام بھی ابھی تک مکمل نہ ہوسکا۔ کئی عازمین حج نے شکایت کی کہ انہوں نے اس بارے میں حج کمیٹی کے متعلقہ حکام سے استفسار کیا لیکن انہیں اطمینان بخش جواب نہیں دیا گیا۔ کئی عازمین حج نے بتایا حج کمیٹی میں کوئی ذمہ دار موجود نہیں جو ان کے استفسارات کا اطمینان بخش جواب دے سکے۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور جو قومی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائرکٹرس کے اجلاس میں شرکت کیلئے نئی دہلی میں ہیں جبکہ ایکزیکیٹو آفیسر ایم اے حمید کا زیادہ تر وقت وقف بورڈ کے اُمور کی یکسوئی میں صرف ہورہا ہے کیونکہ وہ چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ کی ذمہ داری بھی نبھارہے ہیں۔ عازمین نے شکایت کی کہ حج کمیٹی کے ماتحت عملے کا رویہ غیر ذمہ دارانہ ہے اور کسی بھی استفسار پر وہ سنٹرل حج کمیٹی کی ویب سائٹ دیکھنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔ 12ستمبر سے حج کیمپ کا آغاز ہوگا اور پہلا قافلہ 14ستمبر کو روانہ ہوگا۔
لہذا عازمین حج خاص طور پر اضلاع سے تعلق رکھنے والوں کو تیاری کے سلسلہ میں بہت کم وقت رہ گیا ہے۔ اگر انہیں ان کی روانگی سے متعلق پروگرام کی بروقت اطلاع مل جائے تو وہ بہتر طور پر تیاری اور رشتہ داروں سے ملاقاتیں مکمل کرسکتے ہیں۔ ٹیکہ اندازی کیمپ میں شرکت کیلئے آئے ہوئے عازمین حج نے بتایا کہ ان کی رہنمائی کیلئے حج ہاوز میں کوئی والینٹرس موجود نہیں ہیں۔ عازمین حج کو فراہم کئے گئے کتابچہ میں روانگی سے 6ہفتے قبل ٹیکہ اندازی کا تذکرہ کیا گیا لیکن حیدرآباد میں ٹیکہ اندازی کیمپ کا عازمین کی روانگی سے 10دن قبل آغاز ہوا ہے جبکہ اضلاع میں ابھی تک ٹیکہ اندازی کیمپ شروع نہیں ہوئے۔ نئی دہلی میں موجود پروفیسر ایس اے شکور نے سنٹرل حج کمیٹی کے حکام سے ربط قائم کرتے ہوئے انہیں عازمین حج کی مشکلات سے واقف کرایا اور خواہش کی کہ اندرون 24گھنٹے عازمین حج کی روانگی سے متعلق انفرادی شیڈول جاری کردیا جائے۔