عازمین حج کی انفرادی فلائیٹ شیڈول کے مطابق سفر حج پر روانگی

آخری تربیتی اجتماع ، جناب اکبر حسین ‘پروفیسر ایس اے شکو ر اور علمائے کرام کا خطاب
حیدرآباد 6 اگست ( پریس نوٹ ) اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے آج یہاں محبوب فنکشن ہال مصری گنج میں منعقدہ حج تربیتی کیمپ سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 11 اگست سے حج کیمپ کا آغاز ہورہا ‘ جس کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔عازمین کے انفرادی فلائیٹ شیڈول کا اعلان کردیا گیا‘ عازمین کو جو شیڈول دیا گیا ہے اسی کے مطابق ان کی روانگی عمل میں آئے گی اور اسی کے مطابق ان کی واپسی عمل میں آئے گی۔ چنانچہ اس کے مطابق عازمین کو اپنی تیاری مکمل کرلینی چاہئے‘ وہ ہر ہر مرحلہ پر صبر و تحمل اور ایثار کا مظاہرہ کرتے رہیں۔ یہ بات ذہن نشین رہے کہ فلائیٹ شیڈول میں کسی قسم کی تبدیلی ممکن نہیں ہے ‘ کیونکہ اس سے رہائش اور دیگر انتظامات درہم برہم ہوجاتے ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ عازمین کو ان کی روانگی سے قبل 21 سو ریال کی رقم دی جاتی ہے تاکہ اس رقم سے وہ وہاں اپنے کھانے پینے اور قربانی کا انتظام کرسکیں۔ اس کے علاوہ ان کو ہندوستانی کرنسی میں 25ہزار روپئے کے علاوہ پانچ ہزار ڈالر کے مماثل فارن ایکسچینج لے جانے کی اجازت ہے۔ انہو ں نے کہا کہ عازمین کے ساتھ خادم الحجاج روانہ ہوں گے جو وقت ضرورت ان کی مدد اور رہنمائی کریں گے۔ ان کو جیاکٹ دی جائے گی اور ان کے نمبر بھی بلڈنگ پر لگائے جائیں گے۔ جناب اکبر حسین صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ مالیاتی کارپوریشن نے عازمین کو مبارکباد پیش کی اور ان سے ریاست کی ترقی اور ملت کی خوشحالی کے لئے دعأ کرنے کی اپیل کی۔ مولانا سید ضیأ الدین نقشبندی شیخ الفقہ جامعہ نظامیہ نے حج کے پانچ دن کے موضوع پر خطاب کیا اور حج کے دوران بے حیائی ‘ فحش ‘ گناہوں اور لڑائی جھگڑے سے پرہیز کرنے کی سختی سے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ یہ اللہ کا حکم ہے جس کے خلاف کرنے پر حج نہیں ہوتا۔ انہوں نے حج کے دوران انٹرنیٹ کے استعمال کے خلاف انتباہ دیا اور کہا کہ اس سے حج متاثر ہوتا ہے۔ مولانا عرفان اللہ شاہ نوری نے آداب و برکات زیارت روضہ رسول بیان کئے اور کہا کہ نبی کریم کے اس مقدس شہر میں بے ادبی اور گستاخی سے اعمال حبط ہوجاتے ہیں اور اس کی حبر بھی نہیں ہوتی‘ اس لئے یہاں بے حد ادب و احترام اور صبر و ضبط کا مظاہرہ کرنا ضروری ہے۔ مولانا حافظ علی محمد نقشبندی خطیب مسجد پیارو میاں مصری گنج ‘ فضائل اور مناسک عمرہ بیان کئے اور کہا کہ تمام مناسک احتیاط کے ساتھ ادا کریں ۔ نگران جلسہ جناب شجاع الدین افتخاری حقانی پاشاہ نے عمرہ کی ادائیگی کے موضوع پر خطاب کیا۔ مولانا محمد انوار احمد قادری نائب شیخ التفسیر جامعہ نظامیہ نے عازمین کے سوالات کے جواب دیئے ‘ مولانا سید محمد علی قادری الھاشمی ممشاد پاشاہ نے حج کی اہمیت اور فضائیل پر خطاب کیا۔ مولانا علی محمد نقشبندی کی تلاوت کلام پاک ‘جناب شفیع قادری اور جناب سراج محی الدین افتحاری عادل پاشاہ کے ہدیہ نعت سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ جناب محمد فصیح الدین بابا ڈپٹی میئر ‘جناب خواجہ مبشر الدین حسینی پاشاہ نے بحیثیت مہمانان اعزازی شرکت کی۔