عازمین حج کیلئے سوٹ کیس کی خریدی کا لزوم زائد مالی بوجھ

مرکزی حج کمیٹی کی شرط سے استثنیٰ کیلئے زور ، ڈپٹی چیف منسٹر سے اقلیتی بہبود عہدیداروں کی ملاقات
حیدرآباد 5 مئی (سیاست نیوز)حج 2015 کیلئے تلنگانہ کے عازمین حج کیلئے بہتر انتظامات کے سلسلہ میں حکومت نے توجہ مرکوز کی ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی نے آج اقلیتی بہبود کے عہدیداروں سے حج انتظامات کے مسئلہ پر بات چیت کی اور مختلف مسائل کا جائزہ لیا ۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل اور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے ڈپٹی چیف منسٹر کو سنٹرل حج کمیٹی کے بعض فیصلوں سے واقف کرایا جس کے سبب عازمین کو مشکلات کا سامناکرنا پڑسکتا ہے ۔ جناب محمود علی نے چیف ایگزیکٹیو آفیسر سنٹرل حج کمیٹی سے ربط پیدا کیا اور عازمین حج کے سلسلہ میں کئے گئے فیصلوں پر اعتراض جتایا ۔ انہوں نے کہا کہ عازمین کیلئے سنٹرل حج کمیٹی نے سوٹ کیس کی خریدی کی جو شرط رکھی ہے اس سے عازمین پر مالی بوجھ پڑ سکتا ہے ۔ دو سوٹ کیس کی خریدی کیلئے 5100 روپئے مختص کرنا مناسب نہیںہے کیونکہ 2500 تک معیاری سوٹ کیس بازار میں دستیاب ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے سوٹ کیس کی خریدی کی شرط سے استثنی پر زور دیا ۔ انہوں نے گرین زمرے کے عازمین کیلئے 3 کیلو میٹر کے فاصلے پر عمارت کی نشاندہی کا مسئلہ بھی اٹھایا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ مکہ مکرمہ میں گرین زمرے کے عازمین کیلئے جس عمارت کا انتخاب کیا گیا ہے اس میں سہولتوں کی کمی ہے لہذا تلنگانہ کے عازمین کیلئے حرم سے قریب کسی اور عمارت کا انتخاب کیا جانا چاہئے ۔ سنٹرل حج کمیٹی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے تیقن دیا کہ تلنگانہ کے عازمین کیلئے کسی اور عمارت کا انتخاب کیا جائے گا ۔ انہو ںنے سوٹ کیس کی خریدی سے متعلق شرط میں نرمی سے بھی اتفاق کیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے حیدرآباد سے سعودی ایر لائنس کے بجائے ایر انڈیا کی پروازوں کے فیصلے کے بارے میں عازمین میں پھیلی بے چینی سے واقف کرایا ۔ سنٹرل حج کمیٹی کے عہدیدار نے کہا کہ ایر انڈیا نے حیدرآباد سے پروازوں کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے تیقن دیا کہ ایر انڈیا کی پروازیں مقررہ وقت پر ہوں گی اور پروازوں کی تاخیر کوئی گنجائش نہیں رہے گی۔ تلنگانہ حج کمیٹی اور ریاستی حکومت کے عہدیداروں کے ساتھ ایر انڈیا کے عہدیداروں کا عنقریب اجلاس منعقد ہوگا جس میں انتظامات کو قطعیت دی جائے گی ۔ جناب محمود علی نے امید ظاہر کی کہ ایر انڈیا عازمین حج کی پروازیں وقت پر چلائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ مکہ مکرمہ میں حیدرآبادی رباط میں قیام کو یقینی بنانے کیلئے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ جناب محمود علی دو روزہ دورہ پر سعودی عرب روانہ ہورہے ہیں جہاں وہ کونسل جنرل جدہ اور ناظر رباط سے بات چیت کریں گے ۔ انہو ںنے امید ظاہر کی کہ جاریہ سال تقریبا 600 عازمین کے رباط میں قیام کے انتظامات رہیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ کیلئے زائد حج کوٹہ منظور کرانے کیلئے وزارت خارجہ سے نمائندگی کی جائے گی ۔ چیف منسٹر 7 مئی کو نئی دہلی روانہ ہورہے ہیں وہ وزیر خارجہ سے اس سلسلہ میں نمائندگی کریں گے ۔