عازمین حج کو یوزر چارجس کے بوجھ سے نجات

اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کا بیان
حیدرآباد۔/28اگسٹ، ( سیاست نیوز)حج 2014 کیلئے حج کمیٹی سے روانہ ہونے والے عازمین حج کو ایر پورٹ پر یوزرچارجس ادا کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ سنٹرل حج کمیٹی سے مشاورت کے ذریعہ وزارت خارجہ نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ ملک کے کسی بھی ایر پورٹ پر حج کمیٹی کے ذریعہ روانہ ہونے والے عازمین حج سے یوزر چارجس وصول نہیں کئے جائیں گے۔ اس طرح عازمین حج کو یوزر چارجس کے بوجھ سے نجات ملی ہے۔ اسی دوران پروفیسر ایس اے شکور نے ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمود علی سے خواہش کی کہ گزشتہ سال کے یوزر چارجس سے متعلق بقایا جات فوری جاری کئے جائیں۔ کرن کمار ریڈی حکومت نے یوزر چارجس میں 50فیصد حکومت کی جانب سے ادا کرنے کا اعلان کیا تھا اور اس سلسلہ میں 74لاکھ روپئے منظور کئے گئے تاہم محکمہ فینانس کی جانب سے رقم کی اجرائی باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت یہ رقم جاری کردے تو گزشتہ سال کے حجاج کرام کو 50فیصد یوزر چارجس کی رقم واپس کی جائے گی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے اس سلسلہ میں ضروری کارروائی کا تیقن دیا۔ عازمین حج کیلئے مدینہ منورہ میں قیام کے دوران حج کمیٹی کی جانب سے طعام کا انتظام کیا گیا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب عازمین حج سے زائد رقم کی وصولی کے بغیر مدینہ منورہ میں کھانے کا انتظام کیا جارہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ طعام کے انتظام کے سلسلہ میں مدینہ منورہ کے نامورکیٹرنگ کمپنی کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔ اسی دوران 14ستمبر کو روانہ ہونے والے عازمین حج کے پہلے قافلہ کو ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی جھنڈی دکھائیں گے ۔ یہ قافلہ صبح 7بجے حج ہاوز سے روانہ ہوگا جبکہ فلائیٹ 11:30بجے دن شمس آباد انٹر نیشنل ایرپورٹ سے پرواز کرے گی۔ توقع ہے کہ دوسرے دن کے قافلہ کو جو شام میں روانہ ہوگا چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ وداع کریں گے۔ عازمین حج کی روانگی اور واپسی کے سلسلہ میں تلنگانہ و آندھرا پردیش کیلئے علحدہ شیڈول کی تیاری کے پس منظر میں آندھرا پردیش کے عازمین کی روانگی کے موقع پر آندھرا پردیش حکومت کے وزراء اور عوامی نمائندوں کی شرکت متوقع ہے۔