حیدرآباد ۔ 12 ۔ ستمبر : ( پریس نوٹ ) : بامبے مرکنٹائل بنک کے فار ایکسچینج کاونٹر کا آج حج ہاوز نامپلی میں ڈائرکٹر جناب افتخار حسین کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آیا جہاں حج کمیٹی کے توسط سے پرواز کرنے والے عازمین کو سعودی ریال فراہم کئے جائیں گے ۔ سنٹرل حج کمیٹی نے مسلسل دوسرے سال بامبے مرکنٹائل بنک کو کل ہند سطح پر عازمین حج کو سعودی ریال کے مبادلہ کی ذمہ داری تفویض کی ہے ۔ جناب افتخار حسین جو دوسری مرتبہ بامبے مرکنٹائل بنک کے ڈائرکٹر منتخب ہوئے ہیں ۔ اس موقع پر میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے مہمانوں کی خدمت ایک عظیم سعادت ہے ۔ بامبے مرکنٹائل بنک کو اس سے پہلے بھی کئی مرکزی حج کمیٹیوں نے سعودی زر مبادلہ کی فراہمی کی ذمہ داری دی تھی ۔ جناب افتخار حسین نے بتایا کہ حج ہاوز کے سیلر میں واقع بنک کا کاونٹر شبانہ روز خدمات انجام دے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ہندوستان کا قدیم ترین کوآپریٹیو بنک ہے جو اپنی تاسیس کے 76 برس میں داخل ہوچکا ہے ۔ یہ غریب اور متوسط طبقہ کا بنک ہے جو ان کے معاشی استحکام میں اہم رول ادا کررہا ہے ۔ ان کے 95 فیصد شیئر ہولڈرس کا تعلق متوسط طبقہ سے ہے ۔ یہ پہلا کوآپریٹیو بنک ہے جسے آر بی آئی نے فارن ایکسچینج معاملات کی اجازت دی ۔ 1988 میں اسے شیڈولڈ بنک کا موقف حاصل ہوا ۔ یہ ملک کا پہلا بنک ہے جس نے مہاراشٹرا میں ٹیکسی خریداری کے لیے کریڈٹ کی سہولت فراہم کی اور پہلا ایسا شیڈولڈ بنک ہے جس نے حیدرآباد ، لکھنو اور دیگر شہروں میں معاشی طور پر کمزور طبقات کے لیے مائیکرو فینانسنگ اسکیم خاتون صناعوں کے لیے متعارف کروایا ۔ جناب ایس ایس باشاہ چیرمین کی زیر نگرانی مینجنگ ڈائرکٹر ڈاکٹر محمد شاہ عالم خاں ، جنرل مینجر جناب شاہین بخاری اور ڈی جی ایم جناب یوسف چھتری کی رہنمائی میں بنک توقع ہے کہ ترقی کے نئے سنگ میل پار کرے گا ۔ اس موقع پر برانچ مینجر بامبے مرکنٹائل بنک حیدرآباد جناب محمد شاہد نے جناب افتخار حسین کا خیر مقدم کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ حیدرآباد میں بامبے مرکنٹائل بنک کو جو عوامی اعتماد اور تعاون حاصل ہے وہ مزید مستحکم ہوگا ۔ آج افتتاحی تقریب میں بنک اسٹاف علی میر مہدی ، زین العابدین سجاد ، میر لیاقت علی خاں ، معین الدین خاں ، انیس چھوٹے ، جمال شیخ ، محشر عباس ، سید سعادت پاشاہ ، محمد اقبال اور محمد اشفاق بھی موجود تھے ۔۔