عازمین حج کو بہت جلد ٹیلی فون سم کارڈس کی اجرائی کا تیقن : کونسل جنرل جدہ

تلنگانہ و اے پی کے عازمین کی شکایتوں کا مکتوب سنٹرل حج کمیٹی کو روانہ ، آب زم زم حیدرآباد پہنچ گیا
حیدرآباد۔/26اگسٹ، ( سیاست نیوز) کونسل جنرل جدہ اور انڈین حج مشن کے عہدیداروں نے تیقن دیا ہے کہ آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے عازمین حج کو جلد ہی فون سم کارڈ جاری کردیئے جائیں گے۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے عازمین حج کی جانب سے موصولہ شکایات کی بنیاد پر سنٹرل حج کمیٹی کو مکتوب روانہ کیا اور اس مسئلہ کی عاجلانہ یکسوئی پر زور دیا۔ انہوں نے اپنے مکتوب میں بتایا کہ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عازمین حج کو سم کارڈ کی عدم فراہمی کے سبب رشتہ داروں سے ربط قائم کرنے میں دشواری پیش آرہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ لمحہ آخر میں سم کارڈ کی تقسیم کے قواعد میں تبدیلی کے سبب یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ سنٹرل حج کمیٹی کو سم کارڈ کی فراہمی سے روکنے کے باعث ملک بھر کے تمام عازمین کو سم کارڈ کے حصول میں دشواریوں کا سامنا ہے۔ سنٹرل حج کمیٹی کی توجہ دہانی پر کونسل جنرل جدہ اور حج مشن کے عہدیداروں نے سعودی حکام سے مشاورت کی اور سم کارڈ کی اجرائی کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ سم کارڈ حج مشن کے ذریعہ سعودی عرب میں سم کارڈ کی مقررہ شرح پر جاری کئے جائیں گے۔ اجرائی سے قبل عازمین کے ایمیگریشن نمبر اور ان کے فنگر پرنٹ حاصل کئے جائیں گے۔ سنٹرل حج کمیٹی اور تلنگانہ حج کمیٹی نے عازمین حج کو اس سلسلہ میں دشواریوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اسی دوران تلنگانہ حج کمیٹی کے اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے تمام خادم الحجاج کو پابند کیا کہ وہ روزانہ اپنی کارکردگی کی رپورٹ روانہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ عازمین کی خدمت کے سلسلہ میں کسی بھی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ عازمین حج جس خادم الحجاج کی بھی شکایت کریں گے انہیں بلیک لسٹ کیا جاسکتا ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور کے مطابق تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے تمام عازمین حج میں تقسیم کئے جانے والے زم زم کے کیان حیدرآباد پہنچ چکے ہیں اور ایر پورٹ پر محفوظ کردیئے گئے۔ حجاج کرام کی واپسی کے موقع پر انہیں ایر پورٹ پر حوالے کیا جائے گا۔