حیدرآباد ۔ 27 ۔ جولائی(سیاست نیوز) حج 2015 ء کیلئے تلنگانہ حج کمیٹی کی سرگرمیوں کا ٹیکہ اندازی کیمپ کے ذریعہ آج عملاً آغاز ہوگیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے حج ہاؤز نامپلی میں حیدرآباد کے عازمین حج کیلئے ٹیکہ اندازی کیمپ کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت عازمین حج کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں سنجیدہ ہے اور حکومت نے حج کمیٹی کے بجٹ میں اضافہ کرتے ہوئے دو کروڑ روپئے مختص کئے ہیں۔ 2 ستمبر سے عازمین حج کی روانگی کا آغاز ہوگا اور 8 ستمبر تک 16 پروازیں حیدرآباد سے جدہ کیلئے روانہ ہوں گی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے بتایا کہ تلنگانہ حکومت عازمین حج کی بہتر خدمت کیلئے تیار ہے اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اس سلسلہ میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات بہر صورت فراہم کرے گی۔ اقلیتوں کی تعلیمی و معاشی پسماندگی کی بنیاد پر یہ تحفظات فراہم کئے جائیں گے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ دو سال کے وقفہ کے بعد جاریہ سال مکہ مکرمہ میں رباط میں قیام کی سہولت کا آغاز ہوا ہے۔ 597 عازمین کیلئے 3 عمارتیں حاصل کی گئیں اور یہ پہلا موقع ہے کہ ناظر رباط نے رباط میں قیام کرنے والے تمام عازمین کیلئے مفت کھانے کا انتظام کیا ہے ۔ اس کے علاوہ مدینہ منورہ میں حج کمیٹی کی جانب سے طعام کا انتظام کیا جائے گا۔ محمود علی نے کہا کہ رباط کی موجودہ عمارت میں گنجائش صرف 262 افراد کی تھی ، تاہم مزید دو عمارتیں حاصل کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دو تین برسوں میں حکومت اس بات کی کوشش کرے گی کہ تلنگانہ کے تمام عازمین کیلئے رہائش کی مفت سہولت فراہم ہو تاکہ عازمین کو رقم کی بچت ہوسکے۔ انہوں نے عازمین سے اپیل کی کہ وہ ٹیکہ اندازی سے استفادہ کریں تاکہ سعودی عرب میں مکمل صحت کے ساتھ حج ادا کرسکیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال سے بہتر انتظامات کی کوشش کی جارہی ہے اور وہ انتظامات کے سلسلہ میں اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کی مساعی کی ستائش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کیلئے بہتر انتظامات حکومت کی ذمہ داری ہے اور جاریہ سال حج ہاؤز میں حج کیمپ کے انعقاد کے موقع پر زیر تعمیر عمارت کے گراؤنڈ فلور کو بھی استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حج ہاؤز کی عمارت کی آہک پاشی کی جائے گی ۔ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کے حج ٹرمینل کو ایرکنڈیشن کیا گیا ہے اور سامان کی منتقلی کیلئے بیلٹ کا انتظام رہے گا۔ وزیٹرس کے لئے ٹرمنل کے باہر شامیانے اور نماز کا انتظام رہے گا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے اقلیتی بہبود اور حج کمیٹی کے عہدیداروں کی ستائش کی کہ انہوں نے گزشتہ سال بھی دن رات محنت کرتے ہوئے موثر انتظامات کئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال ایر انڈیا کی فلائیٹس سے عازمین کی روانگی ہوگی۔ اس موقع پر حج گائیڈ کی رسم اجرائی انجام دی گئی جو اردو کے علاوہ تلگو اور انگریزی میں ہے۔ تلنگانہ حج کمیٹی جاریہ سال آندھراپردیش کے عازمین کیلئے خدمات انجام دے گی۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے عازمین حج کو مشورہ دیا کہ وہ ٹیکہ اندازہ پر توجہ دیں اور صحت کا خاص خیال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ حج کی ادائیگی کیلئے صحت مند ہونا ضروری ہے۔ بہتر صحت کے ذریعہ زائد عبادات انجام دی جاسکتی ہیں۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے خیرمقدم کیا اور بتایا کہ تلنگانہ سے جملہ 3117 عازمین حج روانہ ہوں گے اور 31 اگست سے حج کیمپ کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں 3 دن تک ٹیکہ اندازی کیمپ رہے گا جس کے بعد اضلاع میں بھی یہ کیمپس منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے حج کمیٹی کی جانب سے کئے جارہے انتظامات کی تفصیلات بیان کیں۔ اس موقع پر ڈائرکٹر اقلیتی بہبود محمد جلال الدین اکبر ، ڈائرکٹر انسٹی ٹیوٹ آف پریوینٹیو میڈیسن ڈاکٹر کے امریندر ریڈی اور دوسرے موجود تھے۔