سعودی ایر لائنس کے طیارے کی آمد میں تاخیر سے مشکلات
حیدرآباد 16 ستمبر (سیاست نیوز) حج کمیٹی کے 300 عازمین پر مشتمل تیسرا قافلہ آج شام انڈین لائنس کے ایک خصوصی پرواز کے ذریعہ جدہ روانہ ہوا۔ طیارہ کی روانگی میں چارگھنٹے تاخیر ہوئی جس کے باعث عازمین حج کو شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر واقع حج ٹرمینل میں قیام کرنا پڑا جہاں ان کیلئے ظہرانہ کا اہتمام کیا گیا۔ عازمین حج کی پہلی فلائیٹ بھی تقریباً چار گھنٹے تاخیرسے روانہ ہوئی تھی بتایا جاتا ہے کہ سعودی ایر لائنس کے طیارے کی آمد میں تاخیرکے سبب روانگی میں تاخیر ہوئی ہے۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے تیسرے قافلے کے عازمین حج کو وداع کیا۔ طیارہ کی روانگی میں تاخیر کی اطلاع ملتے ہی حج ہاوز سے عازمین کے روانگی کے پروگرام میں بھی تاخیر کی گئی اور انہیں حج ٹرمینل میں تمام ضروری سہولتیں فراہم کی گئیں۔ یہ طیارہ دوپہر 1.35 بجے روانہ ہونے والا تھا لیکن شام 5 بجے روانہ ہوا ۔ حج ہاوز میں عازمین حج سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ایس اے شکور نے حج کی سعادت کے حصول پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ سفر حج کے دوران باعث دشواریاں پیش آسکتی ہیں لہذا عازمین حج کو صبر اور ایثار و قربانی کا مظاہرہ کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ حج ایسی عبادت ہے جس میں مشقت شامل ہے۔ اس اعتبار سے اللہ تعالی نے زائد اجر بھی رکھا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ حج کمیٹی کی جانب سے عازمین حج کیلئے تمام بہتر انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے عازمین حج سے اپیل کی کہ وہ ریاست کی ترقی اور خوشحال کیلئے دعاء کریں ۔ ایگزیکٹیو آفیسر ایم اے حمید نے عازمین حج کو مناسک حج اور سعودی عرب میں قیام کے دوران احتیاطی تدابیر سے واقف کرایا ۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ قربانی کے سلسلہ میں صرف سعودی عرب کی مقررہ سرکاری ایجنسی پر بھروسہ کریں۔ تیسرے قافلے میں حیدرآباد کے 109، نظام آباد 34، رنگا ریڈی 84، نلگنڈہ 17 ،ورنگل 51 ، وجئے نگرم 2 اور کڑپہ کے 2 عازمین شامل ہیں۔ حج کمیٹی کا چوتھا قافلہ کل 17 ستمبر کو شام 7.30 بجے روانہ ہوگا جس میں 350 عازمین شامل ہوں گے ۔ اس قافلے میں عادل آباد کے 53،حیدرآباد 94،کریم نگر 80،کھمم 28 ،محبوب نگر 67، میدک 6 ،نلگنڈہ 9 ، نظام آبدا 9 اور رنگا ریڈی کے 3 عازمین شامل ہوں گے ۔ اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ دو قافلوں کے عازمین براہ جدہ مکہ معظمہ پہنچ چکے ہیں جہاں فریضہ عمرہ کی ادائیگی سے فارغ ہونے کے بعد عبادتوں میں مشغول ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست کے ویٹنگ لسٹ میں سے 934تک کی منظوری حاصل ہوچکی ہے۔ آنے والے دنوں میں مزید منظوریوں کے حصول کا امکان ہے ۔