لکھنو 12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) یوپی کے وزیر محمد اعظم خان نے آج مطالبہ کیاکہ عازمین حج پر عائد بعض تحدیدات برخاست کردی جائیں۔ وزیر خارجہ سشما سوراج کے نام ایک مکتوب میں اُنھوں نے ادعا کیاکہ گزشتہ سال حج کمیٹی آف انڈیا نے ایک معاہدہ پر دستخط کئے تھے جس کے تحت کمپنی عازمین حج کو غذا فراہم کرنے کی پابند تھی لیکن اِس کے باوجود ریکارڈ ناقص رہا۔ اُنھوں نے اِس سلسلہ میں جامع غور کا مطالبہ کیا۔ یوپی کے وزیر اقلیتی بہبود و وزیر حج نے کہاکہ اُن کا خیال ہے کہ عازمین حج کو آزادی دی جائے تاکہ وہ اپنی پسندیدہ غذا کا انتظام خود کرسکیں۔ اُنھوں نے کہاکہ اضافہ جو عازمین حج پر عائد کیا جارہا ہے، برخاست کردیا جائے۔ علاوہ ازیں قربانی دینے پر جو تحدیدات عائد کی گئی ہیں وہ بھی ختم کردی جائیں۔ اُنھوں نے کہاکہ اُنھیں اُمید ہے کہ وزیر خارجہ عازمین حج کو درپیش اِن مسائل پر غور کریں گی اور فوری ہدایات جاری کریں گی۔