عازمین حج حکومت کیلئے گاہک اور آمدنی میں اضافہ کا ذریعہ

فضائی ٹکٹ پر 18 فیصد جی ایس ٹی ‘فی عازم 9500 روپئے کی وصولی ‘ حکومت تلنگانہ خاموش
حیدرآباد۔8مئی (سیا ست نیوز) حج بیت اللہ کیلئے روانہ ہونے والے عازمین حکومت کیلئے گاہک اور حکومت کی آمدنی میں اضافہ کا سبب بن رہے ہیں۔ ہندستان سے جاریہ سال 1لاکھ 75 ہزار عازمین حج بیت اللہ کیلئے روانہ ہونگے اور حکومت بالخصوص وزارت اقلیتی امور کی جانب سے یہ کہا جا رہاہے کہ اس سال ہندستان سے سب سے زیادہ عازمین روانہ کئے جا رہے ہیں۔ حکومت کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے تو ان عازمین سے حکومت کو 166کروڑ کی آمدنی ہوگی اور اس کی 50 فیصد آمدنی ریاستی حکومتوں میں تقسیم کی جائیں گی۔عازمین کے فضائی ٹکٹ پر حکومت کی جانب18 فیصد جی ایس ٹی عائد کیا جارہا ہے اور فی عازم حج جملہ 9500روپئے وصول کئے جا رہے ہیں۔ مختلف ریاستی حکومتوں کی جانب سے مرکز کو مکتوب روانہ کرکے خواہش کی جا رہی ہے کہ عازمین کو جی ایس ٹی سے مستثنی قرار دیا جائے اور عازمین کے فضائی ٹکٹس کو جی ایس ٹی سے مستثنی قرار دیا جائے لیکن حکومت نے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیاگیا ۔ ریاست تلنگانہ کا المیہ یہ ہے کہ اب تک حکومت نے جی ایس ٹی سے مستثنی قرار دیئے جانے کوئی مکتوب یا نمائندگی نہیںکی گئی بلکہ جی ایس ٹی کونسل کے اجلاس میں شرکت سے گریز کے ذریعہ عازمین کی نمائندگی سے تک گریز کیا گیا۔ آندھرا پردیش کی جانب سے ریاست کے عازمین کے فضائی ٹکٹ پر جی ایس ٹی کو برخواست کرنے مرکز سے نمائندگی کردی ہے لیکن تلنگانہ میں اب تک ایسا نہیں کیا گیا۔ آندھرا پردیش میں برسراقتدار تلگو دیشم نے این ڈی اے کی حلیف ہوتے ہوئے طلاق ثلاثہ پر بی جے پی مخالفت کی تھی اور اب این ڈی اے میں نہیں ہے اور عازمین حج کے جی ایس ٹی کیلئے نمائندگی کر رہی ہے اسکے بر عکس تلنگانہ میں برسراقتدار تلنگانہ راشٹر سمیتی این ڈی اے کی حلیف نہ ہوتے ہوئے بھی طلاق ثلاثہ مسئلہ پر خاموشی اختیار کی تھی اور اب تلنگانہ کے عازمین کے فضائی ٹکٹ پر جی ایس ٹی 9136روپئے کو برخواست کروانے میں خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے۔ تلنگانہ سے قریب 4000 عازمین حج روانہ ہو رہے ہیں اور اگر ان سے 9136 روپئے کے اعتبار سے جی ایس ٹی وصول کیا جاتا ہے تو تلنگانہ کے عازمین سے حکومت کو 3 کروڑ 65لاکھ کی آمدنی ہوگی اور ریاستی حکومت کا اس کا نصف حصہ ملے گا۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے طلاق ثلاثہ مسئلہ پر خاموشی کے بعد اب عازمین حج کے فضائی سفر پر عائد جی ایس ٹی پر اختیار کردہ موقف سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ریاستی حکومت کو مسلمانوں سے صرف زبانی ہمدردی ہے ۔