عادل آباد ‘ کھمم ‘ ورنگل و کریمنگر میں سردی کی لہر کا امکان

حیدرآباد 27 جنوری ( سیاست نیوز ) اضلاع عادل آباد ‘ کھمم ‘ کریمنگر اور ورنگل میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کچھ مقامات پر سردی کی لہر برقرار رہیگی ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ساحلی آندھرا کے تمام اضلاع میں کچھ مقامات پر شدید سے اوسط کہر بھی پایا جاسکتا ہے ۔ تلنگانہ ‘ ساحلی آندھرا اور رائلسیما میں آئندہ پانچ دن میں موسم خشک رہیگا ۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عادل آباد میں سردی کی لہر دیکھی گئی ۔ اقل ترین درجہ حرارت عادل آباد میں 4.5 ڈگری اور حیدرآباد میں 13.8 ڈگری سلسئیس ریکارڈ کیا گیا ۔

کلواکرتی پراجیکٹ بارش سے قبل مکمل کرنے ہریش راؤ کی ہدایت
حیدرآباد 27 جنوری ( این ایس ایس ) وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے عہدیداروں کو آج ہدایت دی کہ وہ کلواکرتی پراجیکٹ کے کاموں کو جنگی بنیادوں پر آگے بڑھائیں اور اسے آئندہ بارش تک مکمل کرلیا جائے ۔ انہوں نے علاقہ کے مکمل آیاکٹ میں آبپاشی کیلئے پانی سربراہ کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے اس پراجیکٹ کے مختلف کاموں کے تعلق سے ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا اور کہا کہ اگر کاموں میں تیزی پیدا کرنے کیلئے ضروری ہوجائے تو پھر پراجیکٹ کی ذمہ دار ایجنسی کو بھی تبدیل کردیا جائے ۔