عادت صفائی والی

اگر بچوں کو بچپن ہی میں صفائی کی عادت ڈالی جائے تو بڑے ہوکر یہ عادت پختہ ہوجاتی ہے۔ ہمارے ملک ہندوستان میں بھی اگر یہ عادت اپنائی جائے تو ہمارا سرسبز ملک خوبصورت نظرآنے لگے۔ اگر خواتین اس سلسلے میں پہل کریں اور اپنے بچوں کو سکھائیں کہ زمین پر کوئی بھی چیز نہیں پھینکنی اور بچے ٹافیوں کے اور چپس کے ریپر کوڑے دان میں پھینکیں اور بڑے بھی تمام کوڑا ایک تھیلی میں جمع کرکے کوڑا والے کو دیں تو ماحول صاف ستھرا نظر آئے گا۔ جب بھی محلہ میں خواتین کی محفلیں ہوں تو اس قسم کے موضوع پر بھی تقریر ہونی چاہئے کہ خواتین گھر کے اندر اور باہر بھی صفائی پسند بنیں اور اپنے بچوں کی بھی یہی تربیت کریں۔ اپنے اپنے گھروں کے سامنے سے جب سب صفائی کریں گے تو پوری گلی اور محلہ صاف ہوجائے گا۔ اگر ہم تھوڑی سی محنت کریں تویہ ممکن ہے ہم جب اپنے ملک سے باہر جاتے ہیں تو غیر ممالک میں جاکر صفائی کا خیال رکھتے ہیں، لیکن یہاں آکر نہ جانے ہمیں کیا ہوجاتا ہے۔ اپنے گھر کو صاف رکھنے میں ہمیں ہی پہل کرنی ہوگی۔