ادارہ سیاست سے کیمپ کے انعقاد پر اظہارتشکر، خاتون ڈاکٹرس کی مایہ ناز خدمات
حیدرآباد ۔ 13 ستمبر (راست) ادارہ سیاست کی جانب سے عابد علی خاں آئی ہاسپٹل میں منعقدہ حجامہ کیمپ برائے خواتین میں آج خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کرتے ہوئے کیمپ کو کامیاب بنایا۔ اس کیمپ میں 300 سے زائد خواتین نے اپنے مختلف امراض جیسے نفسیاتی امراض، جسمانی امراض، امراض نسواں، جوڑوں کے درد، عرق النساء، تھائیرائیڈ اور جلدی امراض وغیرہ کا حجامہ کے ذریعہ علاج سے استفادہ کیا۔ لیڈی ڈاکٹرس ڈاکٹر کوثر، کوثر ہاجرہ، ڈاکٹر سعدیہ، ڈاکٹر شاہین، ڈاکٹر ثمینہ، ڈاکٹر جبین، ڈاکٹر رفعت اور ڈاکٹر منیر نے شرکت کرتے ہوئے خواتین کے مختلف امراض کا علاج کیا۔ خواتین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ادارہ سیاست کی جانب سے ہر ماہ پابندی سے اس کیمپ کو منعقد کیا جارہا ہے۔ شہر و اضلاع کے خواتین نے اس کیمپ سے استفادہ کیا۔ ادارہ سیاست کی جانب سے ہر ماہ خواتین کافی کم خرچ پر ایک بہترین علاج سے استفادہ کررہے ہیں اور انہو ںنے ہر ماہ اس طرح کا کیمپ رکھنے کی گذارش کی ہے۔