ظلم کے خلاف مجلس بچاؤ تحریک کا ڈٹ کر مقابلہ

ملک میں مسلمانوں کا کردار ناقابل فراموش ، ایم بی ٹی کے جلسہ سے مجید اللہ خاں فرحت کا خطاب
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : مجلس بچاؤ تحریک ظلم کے خلاف نہ صرف آواز بلند کرتی ہے بلکہ نا انصافیوں کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے اپنی کوششوں کو گذشتہ 20 سال سے جاری رکھی ہوئی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار صدارتی خطاب میں صدر ایم بی ٹی جناب محمد مجید اللہ خاں فرحت نے حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کے حدود میں واقع دھوبی گھاٹ پر منعقدہ جلسہ ملی بیداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں بڑی بڑی باتیں سیاسی جماعتوں کی جانب سے کی جاتی ہیں ۔ لیکن عملی خدمات میں ان کا رول صفر کے مماثل ہوا کرتا ہے ۔ فرحت خاں نے کہا کہ اگر حق دار کا حق ادا نہیں کیا جائے گا تو اس وقت دنیا میں امن و امان قائم نہیں ہوسکتا چنانچہ حق دار کا حق ادا کرنا ہمارا اولین فریضہ ہے ۔ فرحت خاں نے کہا انتخابات آتے اور جاتے ہیں لیکن عوام کی پسماندگی اور غربت کا خاتمہ نہیں ہوتا بلکہ اس کے برعکس انتخابات میں حصہ لینے والے قائدین کروڑہا روپیوں کے مالک ہوجاتے ۔ انہوں نے کہا کہ آزادی ہند کے بعد سے آج کی تاریخ تک اس ملک میں اگر کسی قوم کو انصاف نہیں ملا تو وہ صرف اور صرف مسلمانوں کو نہیں ملا ۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کی آزادی میں ہزاروں کی تعداد میں علماء نے حصہ لیتے ہوئے جام شہادت نوش کیا ۔ اس ملک کی آزادی میں مسلمانوں کا کردار ناقابل فراموش ہے ۔ اس جلسہ کو الطاف نصیب خاں کے علاوہ راشد ہاشمی ، مصطفی محمود جنرل سکریٹری ، جواد ہاشمی ، اجمل الدین فاروقی ، مولانا سید طاہر ، محمد صابر کے علاوہ دیگر نے مخاطب کیا ۔۔