حیدرآباد۔/29جولائی، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اپنے وعدہ کے مطابق سوتیلی ماں کے ظلم کا شکار لڑکی پرتیوشا کوسرکاری رہائش گاہ مدعو کیا۔ اس سے پہلے ہائی کورٹ نے عہدیداروں کو ہدایت دی تھی کہ پرتیوشا کو چیف منسٹر کی رہائش گاہ لے جایا جائے۔ کے سی آر اور ان کی اہلیہ نے پرتیوشا سے اظہار ہمدردی کی اور انہیں یہ طمانیت دی کہ آئندہ کوئی انہیں گزند نہیں پہنچا سکے گا۔ کے سی آر اور ان کے افراد خاندان نے خیرسگالی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پرتیوشا کے ساتھ لنچ کیا۔ اس وقت ڈپٹی چیف منسٹر کے سری ہری، وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی بھی موجود تھے۔ کے سی آر نے اس لڑکی سے کہا کہ وہ اپنے ماضی کو فراموش کردے اور زندگی کی نئی شروعات کرے۔ انہوں نے خود اپنے فون نمبرس دیئے اور کہا کہ جب بھی اس کا دل چاہے گھر پر اس کا خیرمقدم ہوگا۔ بعد ازاں عہدیداروں نے پرتیوشا کو ہاسٹل منتقل کردیا۔ انہوں نے ڈپٹی چیف منسٹر کے سری ہری کو پرتیوشا کی تعلیم کی ذمہ داری اور اس کا خیال رکھنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے 5لاکھ روپئے کی رقم فوری منظور کی جو اس کے اکاؤنٹ میں جمع کرائی جائے گی۔ واضح رہے کہ یہ لڑکی اپنی سوتیلی ماں اور باپ کے بدترین ظلم کا شکار تھی۔ قبل ازیں اسے اویر گلوبل ہاسپٹل سے ڈسچارج ہونے کے بعد ہائی کورٹ لے جایا گیا جہاں چیف جسٹس نے تقریباً 25منٹ تک پرتیوشا سے بات اور حقائق کی آگہی حاصل کی۔