ملک کے وسائل پر مسلمان بھی دیگر اقوام کے برابر کے حق دار، بڑا بازار میں ایم بی ٹی کا جلسہ، جناب مجیداللہ خان فرحت کا خطاب
حیدرآباد۔2ڈسمبر(سیاست نیوز) ہندستان میں کوئی ظالم اور مظلوم کے درمیان معرکہ ہے اور اس جنگ کو مذہبی جنگ کا نام دیتے ہوئے ہندو مسلمان میں نفرت پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ اس ملک میں مسلمان اتنے ہی حصہ دار ہیں جتنے دیگر اقوام سے تعلق رکھنے والے حصہ دار ہیں۔جناب مجید اللہ خان فرحت صدر مجلس بچاؤ تحریک و امیدوار حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ نے یاقوت پورہ بڑا بازار میں ایک عظیم الشان انتخابی جلسہ سے خطاب کے دوران یہ بات کہی اور کہا کہ ہندستان میں جو حالات پیدا ہور ہے ہیں ان حالات سے نمٹنے کی جرأت اور حکمت نہ رکھنے والے ایوان میں مسلمانوں کی نمائندگی کا ڈھونگ کر رہے ہیں۔ جناب مجید اللہ خان نے کہا کہ حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ سے مجلس بچاؤ تحریک کی کامیابی یقینی ہو چکی ہے کیونکہ یہ انقلاب کوئی دولت یا غنڈہ گردی کے ذریعہ برپا ہونے والا انقلاب نہیں ہے بلکہ یہ مظلوم اور غریب عوام کا انقلاب ہے اور اللہ چاہے تو اب کوئی طاقت اس انقلاب کو روک نہیں سکتی ۔ انہو ںنے کہا کہ جو لوگ مسلمانوں کی نمائندگی کے دعوے کر رہے ہیں وہ دراصل مسلمانوں کو گمراہ کرتے ہوئے انہیں خوفزدہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور دولت کی بنیاد پر انتخابات میں حصہ لیا جا رہاہے ۔ صدر مجلس بچاؤ تحریک نے کہا کہ مرحوم قائد غازیٔ ملت محمد امان اللہ خان ؒ کے خلاف جو زبان استعمال کی جا رہی ہے اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ شہر میں مسلمانوں کے خود کو ٹھیکہ دار سمجھنے والوں کے پاس کوئی منصوبہ نہیں ہے ۔ انہو ںنے بتایا کہ وہ اگر حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ سے منتخب ہوجاتے ہیں تو حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کے انٹرمیڈیٹ میں تعلیم حاصل کرنے والے ہر بچہ کو لیاپ ٹاپ فراہم کریں گے کیونکہ عصری ترقی کے دور میں مسلمانوں کو تعلیمی اعتبارسے پسماندہ رکھا گیا ہے ۔ جناب مجید اللہ خان فرحت نے کہا کہ وہ کامیاب ہونے کی صورت میں ملت مظلومہ کی ترقی کا جو منصوبہ رکھتے ہیں اس میں ’وقف بینک‘ اور وقف یونیورسٹی کے قیام کا منصوبہ بھی شامل ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاست میں موجود 5لاکھ کروڑ کی اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور ان کا حساب پوچھنے کے لئے وہ اسمبلی میں جائیں گے اور جب تک حکومت کی جانب سے جواب نہیں دیا جائے گا وہ خاموش نہیں رہیں گے۔ صدر ایم بی ٹی نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں تلنگانہ راشٹر سمیتی کی مدد کرنے والی سیاسی جماعت دراصل بھارتیہ جنتا پارٹی کی مدد کر رہی ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ تحریک 25سال سے عوام کے درمیان ہے اور انتخابات میں حصہ لیتے ہوئے ملت مظلوم کی آواز بن کر ابھر رہی ہے لیکن اب یہ کوشش کی جا رہی ہے کہ مجلس بچاؤ تحریک کو ختم کیا جائے تاکہ ملت مظلوم کی آواز کو بند کیا جا سکے ۔ انہو ںنے بتایا کہ شہر حیدرآباد ہی نہیں بلکہ ریاست تلنگانہ اور ملک کی تمام مظلوم قوتوں کے ساتھ تحریک اتحاد کے ذریعہ ہندستان بھر کے مسلمانوں کے مسائل کو ایوان میں اٹھائے گی ۔انہوں نے مخالفین تحریک کو چیالنج کیا کہ وہ اپنی پوری طاقت جھونک دیں لیکن اللہ کی ذات سے انہیں امید ہے کہ اللہ مظلوم عوام کی دعاؤں کے صدقہ میں انہیں کامیابی سے نوازے گا۔ اس جلسہ عام سے جناب امجد اللہ خان خالد ترجمان مجلس بچاؤ تحریک ‘ جناب طاہر عفاری کے علاوہ دیگر تحریک کے قائدین نے مخاطب کیا ۔ جناب امجد اللہ خان خالد نے کہا کہ حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ میں غنڈہ عناصر اور سود خوروں کے ذریعہ نوجوانوں کو ہراساں کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن ان کوششوں کو کامیاب ہونے نہیں دیا جائے گا ۔ انہو ںنے بتایا کہ رشوت خور پولیس عہدیداروں کی مدد حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن اس مرتبہ اب کوئی نوجوان ان سے خوفزدہ نہیں ہوگا بلکہ ان کا ہر محاذ پر مقابلہ کیا جائے گا۔