ماسکو ۔ 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) صدر ترکی رجب طیب اردغان نے گذشتہ سال روسی فوج کے جنگی طیارہ کو مار گرائے جانے پر اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن سے معذرت خواہی کی ہے۔ اس واقعہ کے بعد دونوں ممالک کے مابین روابط کشیدہ ہوگئے تھے۔ کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے بتایا کہ مملکت ترکی کے سربراہ نے اپنے پیام میں مہلوک روسی طیارہ کے ارکان خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور انہوں نے معذرت خواہی بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ اردغان نے دونوں ممالک کے باہمی دوستانہ تعلقات کی بحالی کیلئے ممکنہ اقدامات کی خواہش ظاہر کی ہے۔ بعدازاں کریملن نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے اردغان کے حوالہ سے کہا کہ انقرہ کبھی بھی یہ نہیں چاہتا تھا کہ روسی طیارہ کو مار گرایا جائے۔ اس کا ایسا کوئی ارادہ نہیں تھا۔ یہ واقعہ گذشتہ سال نومبر میں اس وقت پیش آیا جب بشارالاسد کی تائید میں روسی طیارہ بمباری کرتے ہوئے شام سے ملحق سرحد پر گھس آیا تھا جسے ترکی فوج نے مار گرایا تھا۔