طیارہ سے وزیراعظم کو ٹوئیٹ مسافر کو مہنگا پڑا

جئے پور ۔ 28اپریل ( سیاست ڈاٹ کام) ٹوئیٹر پر اپنے غم و غصہ کا اظہار کوئی نئی بات نہیں لیکن وزیراعظم کوٹیاگ کرنا شائد اچھی چیز نہیں ۔ جٹ ایئرویز کے ایک مسافر کو اس کا سابق پڑا جب اس کے ٹوئیٹ نے یہاں ہائی جیک کا اندیشہ پیدا کردیا ۔گذشتہ روز فضائی مسافر نتن ورما نے جب ممبئی سے دہلی جانے والے اپنے  طیارہ کا رُخ خراب موسم کے سبب جئے پور کی طرف موڑ دیا گیا تو اس نے وزیراعظم نریندر مودی کو جھلاہٹ کے ساتھ ٹوئیٹ کیا کہ ’’ مودی جی ہم تین گھنٹے سے جیٹ ایئرویز فلائٹ میں ہیں ‘ ایسا معلوم ہوتا ہے ہائی جیک کرلئے گئے ‘ پلیز مدد کیجئے 9W355 ‘‘ ۔ اس ٹوئیٹ کے ساتھ ہی سیکورٹی ایجنسیاں حرکت میں آگئی اور فوری طور پر متعلقہ حکام کو چوکس کیا گیا اور نتن ورما کو یہاں طیارہ سے اتارا گیا جس میں 176 افراد بشمول 8ارکان عملہ سوار تھے ۔ جیسے ہی طیارہ نے لینڈنگ کی سیکورٹی ایجنسیوں نے طیارہ کی بھرپور جانچ کی اور پھر یہ طیارہ نتن ورما کو چھوڑ کر دہلی کیلئے پرواز کرگیا ۔ نتن کو پوچھ تاچھ کے بعد گرفتار کرلیا گیا ۔