ڈگلس (یو ایس) ۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایک عراقی پائلٹ جو امریکہ میں گذشتہ چار سال سے زیرتربیت تھا، تاہم ایک F-16 لڑاکا طیارہ اڑانے کے دوران وہ حادثہ کا شکار ہوگیا۔ عراقی وزیردفاع کے ایک ترجمان نے یہ بات بتائی اور کہا کہ اب تک عراقی پائلٹ کے حشر نامعلوم ہے۔ بریگیڈیر جنرل تحسین ابراہیم نے اسوسی ایٹیڈ پریس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حادثہ کی وجوہات بھی ہنوز نامعلوم ہے، جس کی تفصیلات معلوم کرنے کیلئے ہم نے امریکیوں سے رابطہ قائم کر رکھا ہے۔ دوسری طرف مسٹر ابراہیم نے بتایا کہ عراقی پائلٹ کا نام رفیق محمد حسن ہے۔ تاہم اس کا حشر نامعلوم ہے۔ چہارشنبہ کو تربیتی مشن کے دوران طیارہ میں رفیق بالکل تنہا تھا۔ اریزونا میں طیارہ حادثہ کا شکار ہوا۔ جہاں کے نیشنل گارڈس نے بھی طیارہ حادثہ کی توثیق کی ہے۔ البتہ پائلٹ کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔ دوسری طرف پولیس کی خاتون ترجمان کیرول کپاس نے اریزونا کے ڈیلی اسٹار اخبار کو بتایا کہ جس علاقہ میں حادثہ رونما ہوا، وہاں بچاؤ کاری مشکل ہے کیونکہ طیارہ ایک گیس پائپ لائن سے ٹکرایا تھا اور شعلہ پوش ہوا تھا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ اریزونا ایئر نیشنل گارڈ کی جانب سے بین الاقوامی سطح پر پائلٹ ٹریننگ فراہم کی جاتی ہے۔