طوفان ہگوپیٹ میں مہلوکین کی تعداد 27 ہوگئی

منیلا ۔ 9 ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) ریڈکراس کے مطابق ایک انتہائی طاقتور طوفان جو فلپائن سے ہوکر گزرا ہے ، اُس میں ہلاکتوں کی تعداد 27ہوگئی لیکن یہ بھی ایک راحت افزا بات ہے کہ طوفان بغیر کوئی مزید نقصان پہنچائے ٹل گیا۔ مہلوکین میں اکثریت ایسے افراد کی ہے جو مشرقی جزیرے سمر میں تھے جیسے طوفان ہگو پیٹ نے سب سے پہلے اپنا نشانہ بنایا جہاں ہواؤں کی رفتار 210 کیلومیٹر فی گھنٹہ تھی ۔ مغرب کی جانب پیشرفت کرتے ہوئے طوفان کی شدت میں کمی ہوگئی جو کل دارالخلافہ منیلا سے گزرا ۔ حالانکہ آج صبح بھی شدید بارش کی پیش قیاسی کی گئی تھی لیکن طوفان نے مزید کوئی نقصان نہیں پہنچایا ۔ طوفان سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والوں میں وہ افراد شامل تھے جو شہر کے غریب ترین افراد تھے اور معمولی مکانات میں رہائش پذیر تھے ۔ انھیں طوفان کے پیش نظر دیگر مقامات کو منتقل کردیا گیا تھا۔ طوفان کی شدت میں کمی ہلکی بوندا باندی کے پیش نظر تمام متاثرہ افراد اپنے مکانات کو واپس آگئے ۔ فلپائن ریڈکراس کے صدرنشین رچرڈ گورڈن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اب تک 27 افراد کی موت کی توثیق ہوئی ہے تاہم انھیں اندیشہ ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ جزیرہ سمر اور اطراف و اکناف کے علاقوں کا پوری طرح جائزہ نہیں لیا گیا ہے۔