طوفان ہدہد: اوڈیشہ میں بچاؤ ٹیمیں تعینات، تخلیہ کا کام عنقریب شروع

بھوبنیشور 10 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) شدید سمندری طوفان ہدہد ریاست کے ساحل سے 610 کیلو میٹر کے فاصلے پر ہے، حکومت اوڈیشہ نے آج بچاؤ ٹیمیں مخدوش مقامات پر تعینات کردی ہیں اور ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی ہے کہ عوام کے تخلیہ کا کام قبائیلی غالب آبادی والے علاقہ ضلع ملکان گیری سے شروع کردیا جائے۔ خصوصی ریلیف کمشنر پی کے مہاپترا نے اخباری نمائندوں سے کہاکہ کم از کم 25 ٹیمیں جن میں سے 15 این ڈی آر ایف اور 10 او ڈی آر ایف کی ہیں، مخدوش مقامات پر تعینات کردی گئی ہیں۔ سمندری طوفان اور زبردست بارش پر گہری نظر رکھی جارہی ہے۔ اِس بار ملکان گیری توجہ کا مرکز ہے۔ مہاپترا نے کہاکہ امکان ہیکہ مزید شدید سمندری طوفان ضلع سے گزرے گا۔ اِس سے غیرمنقسم ضلع کوراپٹ میں جو کوراپٹ، ملکان گیری اور رایا گڑا پر مشتمل ہے، بہت زیادہ بارش ہوگی۔ دیگر اضلاع جو سمندری طوفان سے متاثر ہوں گے،کوراپٹ، ملکان گیری، رایا گڑا، کندھا مل، کالا ہانڈی، نیا گڑھ، گجپتی اور گنجام ہیں۔ مہاپترا نے کہاکہ تمام اضلاع کو سیٹلائیٹ فون فراہم کئے گئے ہیں تاکہ ہنگامی حالات کی صورت میں استعمال کئے جاسکیں گے اور دریاؤں جیسے بنسا دھارا، روسی کلیا اور ناغا بالی پر گہری نظر رکھی جارہی ہے کیونکہ جنوبی اضلاع میں زبردست بارش متوقع ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہم نے تمام کلکٹرس کو ہدایت دے دی ہے کہ کوئی بھی شخص اُن کے کچے مکانوں میں ضلع ملکان گیری میں مقیم نہ رہنے پائے۔ کچے مکانوں میں مقیم تمام افراد کا محفوظ مقام پر منتقل کیا جانا ضروری ہے۔ مہاپترا نے مزید کہاکہ ایسا ریاست میں ہلاکتوں کو روکنے کے مقصد سے کیا جارہا ہے۔ ایس آر سی سے بھی خواہش کی گئی ہے کہ مفت پکوان کیا جائے۔ جہاں بھی حکومت تخلیہ کی مہم شروع کرے وہاں پکی ہوئی غذا تخلیہ کرنے والے عوام کو فراہم کی جائیں۔ اضلاع کو ہدایت دی گئی ہے کہ کافی مقدار میں خشک غذا کا ذخیرہ کیا جائے۔

دریں اثناء تازۃ ترین خبرنامہ آئی ایم ڈی کی جانب سے جاری کردیا گیا ہے جس کے بموجب شدید سمندری طوفان بیشتر وسطی اور متصلہ مشرقی وسطی خلیج بنگال کے پاس شمال مغرب کی سمت پیشرفت کررہا ہے۔ ہندوستانی معیاری وقت کے مطابق 10 اکٹوبر 2014 ء کو 5.30 بجے صبح 12.4 درجہ شمالی ارض بلد اور 87.6 مشرقی طول بلد پر مرکوز تھا۔ مغربی وسطی اور متصلہ مشرقی وسطی خلیج بنگال کے پاس 610 کیلو میٹر جنوب سے جنوب مغرب میں گوپال پور سے فاصلہ پر قائم تھا۔ یہ طوفان امکان ہے کہ مغرب ۔ شمال مغرب کی سمت پیشرفت کرے گا اور شدت پاکر انتہائی شدید سمندری طوفان میں آئندہ 12 گھنٹوں کے اندر تبدیل ہوجائے گا۔ بعدازاں یہ شمالی آندھراپردیش کے ساحل کو وشاکھاپٹنم کے قریب پار کرے گا اور 12 ستمبر 2014 ء کی دوپہر کو وشاکھاپٹنم کے قریب سے گزرے گا۔ پرادیپ اور گوپال پور کی بندرگاہیں اوڈیشہ میں مقامی انتباہی سگنل نمبر 3 آویزاں کریں گی کیونکہ شدید سمندری طوفان اوڈیشہ ۔ آندھرا کے ساحل کے قریب پہونچ جائے گا۔