حیدرآباد ۔ 10 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ہوا کے دباؤ میں کمی کیفیت کمزور پڑ گئی ہے ۔ آندھرا پردیش کے شمالی ساحل اور پڑوسی علاقوں پر تیز و تند آندھی چکر لگارہی ہے جو کہ سطح سمندر سے 5.8 کلومیٹر بلند چل رہی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے بموجب ہوا کے دباؤ میں کمی کی کیفیت پائی گئی ۔ تاہم اس کے زیر اثر سریکاکلم ، وزیانگرم اور وشاکھا پٹنم اور ساحلی آندھرا پردیش کے مشرقی گوداوری میں اگلے چوبیس گھنٹے کے دوران تیز بارش ہونے کے امکانات ہیں ۔ اس کے علاوہ ساحلی آندھرا پردیش ، تلنگانہ اور رائلسیما کے بعض مقامات پر اوسط تا شدید بارش ہوسکتی ہے ۔ حیدرآباد اور اطراف و اکناف کے علاقوں میں 12 مئی کی صبح تک مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا ۔ شہر کے بعض مقامات پر بارش یا بوندا باندی ہوسکتی ہے ۔ شہر میں اعظم ترین اور اقل ترین درجہ حرارت 36 اور 26 ڈگری سیلیس کے آس پاس رہے گا ۔ محکمہ موسمیات کے بموجب بارش کے اختتام پر آج چند مقامات پر درجہ حرارت اضافہ ہوا ہے اور بتدریج اضافہ ہوتا رہے گا ۔