بیجنگ 7 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) چین کے جنوبی صوبہ گوانگ ڈونگ میں آئے طوفان موجی گائے جو جاریہ سال چین میں آنے والا بائیسواں طوفان ہے، نے کافی تباہی مچائی ہے جس میں اب تک 19 افراد ہلاک اور 4 افراد لاپتہ بتائے گئے ہیں جن کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ وہ تمام مچھیرے تھے۔ 417 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوچکے ہیں اور 1.9 افراد کو شدید نقصانات کا سامنا ہے۔ جن میں سے کئی خاندان بے گھر ہوگئے اور اُنھیں متبادل مقامات پر منتقل کیا گیا۔ کھڑی فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا جن سے اشیائے ضروریہ کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ گوانگ ڈونگ اور گوانکسی میں برقی سربراہی منقطع ہونے کی وجہ سے 5 ملین مکانات تاریکی میں غرق ہوگئے ہیں جس کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ اندرون سات یوم برقی سربراہ کو مکمل طور پر بحال کردیا جائے گا۔